افتخار علی ملک کا صدرسارک چیمبر کے عہدے پر فائز ہونا ملک کیلئے اعزاز ہے، وزیر اعظم عمران خان

علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی بھر پور کوشش کرونگا، جنوبی ایشیا میں محفوظ اور پرامن ماحول انتہائی ضروری ہے،افتخار علی ملک

پیر 6 جولائی 2020 19:21

افتخار علی ملک کا صدرسارک چیمبر کے عہدے پر فائز ہونا ملک کیلئے اعزاز ہے، وزیر اعظم عمران خان
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جولائی2020ء) وزیر اعظم عمران خان ملک کے معروف بزنس مین اور پاکستان کی تاجربرادری کے رہنما افتخار علی ملک کو 2سال کیلئے سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سارک تنظیم کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور وہ اس کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد پر قائم ہے،مجھے یقین ہے کہ تجربہ کار تاجر رہنما افتخار علی ملک علاقائی تجارت کے فروغ اور سارک ممبر ممالک کو قریب لانے کے لئے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے افتخار علی ملک کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کا اس عہدے پر فائز ہونا ملک کے لئے ایک اعزاز ہے۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس علاقائی فورم کو خودمختاری اور مساوات کے اصول پر مبنی باہمی تعاون کے لئے ایک متحرک تنظیم بنانے کی کوشش کی ہے، سارک کے اراکین دیگر ممبر ممالک کی معیشتوں کو مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کی بے پناہ صلاحیت رکھتے ہیں،تنظیم کو خطے کی معاشی ، ثقافتی اور معاشرتی نمو کے لئے کام کرنے اور خطے میں خوشحالی کے لئے ممبر ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

سارک چیمبرآف کامرس کے صدراورچیئرمین یو بی جی افتخار علی ملک نے مبارکباد کے پیغام پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ علاقائی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی بھر پور کوشش کریں گے،پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ خطے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے جنوبی ایشیا میں محفوظ اور پرامن ماحول انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ علاقائی تعاون کو مزید تقویت دینے میں مثبت کردار ادا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سارک چیمبر کے صدر کے عہدے پر فائز ہونے کا مطلب رکن ممالک کے مابین اس حوالے سے نئے سرے سے تحریک پیدا کرنا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر کاسیکریٹریٹ پاکستان لانا اور سارک چیمبرکی اسٹیٹ آف دی آرٹ بلڈنگ اسلام آباد میں تعمیرکرنا صرف میرے لئے ہی نہیں بلکہ میرے ملک پاکستان کیلئے اعزاز کا باعث ہے اور میری ہرممکن یہ کوشش ہوگی کہ سارک چیمبر کا سیکریٹریٹ نہ صرف پاکستان میں رہے بلکہ وہ پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہو۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں