فیس کی عدم ادائیگی پر والد کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اسکول کی رجسٹریشن معطل

محکمہ تعلیم نے وزیرتعلیم کی ہدایت پر والد کو تشدد کا نشانہ بنانے والے نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل کی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 ستمبر 2021 11:56

فیس کی عدم ادائیگی پر والد کو تشدد کا نشانہ بنانے والے اسکول کی رجسٹریشن معطل
کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 ستمبر 2021ء) : شہر قائد میں موجود نجی اسکول میں فیس کی وجہ سے بچوں کو حبس بے جا میں رکھنے اور والدین پر تشدد کرنے والے اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نجی اسکول میں والد پر تشدد کا واقعہ دو روز قبل پیش آیا تھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ، جس کے بعد صوبائی محکمہ تعلیم نے اس کا نوٹس لے لیا تھا۔

محکمہ تعلیم نے اسکول میں پیش آنے والے واقعہ کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، جس کے اراکین ایک روز قبل جب اسکول پہنچے تو انہیں اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا گیا۔ بعد ازاں تعارف کروانے پر انہیں کافی دیر کے بعد اسکول میں داخل ہونے کی اجازت دی گئی، کمیٹی نے متاثرہ والد اور دیگر طلبا کے والدین سے بھی معاملے کے حوالے سے پوچھ گچھ کی۔

(جاری ہے)

تاہم اب تحقیقاتی ٹیم نے والدین اور اسکول میں زیر تعلیم طلبا کے بیانات قلم بند کر کے رپورٹ محکمہ تعلیم کوجمع کروائی ۔ تحقیاتی ٹیم کی جانب سے جمع کروائی گئی اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ نجی اسکول فیس کی تاخیرپربچوں کوحبس بے جا میں رکھتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اسکول انتظامیہ نے بچوں کے والدسے بھی بد سلوکی کی، انتظامیہ فیس بذریعہ بینک نہیں بلکہ کیش وصول کرتی ہے۔

اسکول مالکان کو کمیٹی نے پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تو وہ حاضر ہی نہیں ہوئے، انتظامیہ نے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی فراہم نہیں کی ۔ تحقیقاتی کمیٹی کا کہنا ہے کہ والدین کی تمام شکایات درست ثابت ہوئیں، جس کی بنیاد اور قواعد کو دیکھتے ہوئے اسکول کی رجسٹریشن معطل کرنے کی سفارش کی جارہی ہے۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم نے وزیرتعلیم کی ہدایت پر نجی اسکول کی رجسٹریشن معطل کردی۔

یاد رہے کہ اسکول انتظامیہ کے تشدد کا نشانہ بننے والے متاثرہ شخص نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ نے مجھے مار کر اسکول سے نکالا، آپ سب گواہ ہیں اسکول کی مینجمنٹ نے بیٹے کے سامنے مجھے تشدد کا نشانہ بنای۔ ایک اور شخص نے بتایاکہ اسکول انتظامیہ نے تین دن پہلے میری بچی کو بھی کمرے میں بند کردیا تھا، اس گرمی میں اکیلے اس کو بٹھا کر رکھا، لنچ اور پانی بھی نہیں پینے دیا۔ والد کی شکایت پر محکمہ تعلیم سندھ نے واقعے کی تحقیقات کرنے کے لئے ڈائریکٹوریٹ پرائیوٹ انسٹی ٹیوشن کو احکامات جاری کیے گئے تھے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں