عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپیمرا کی پابندی کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیاگیا

عدالت نے درخواست سماعت کیلئے فوری منظور کر لی،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 27 مئی 2024 13:31

عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپیمرا کی پابندی کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیاگیا
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔27 مئی 2024 ) عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پرپیمرا کی پابندی کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کر دیاگیا،عدالت نے درخواست سماعت کیلئے فوری منظور کر لی،چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔درخواست امین انور، شوکت کورائی اور دیگر کی جانب سے دائر کی گئی جس میں پیمرا، وزارت انفارمیشن براڈ کاسٹ و دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا قوانین کے تحت پابندی سے قبل کورٹ رپورٹرز کا موقف نہیں سنا گیا، کورٹ رپورٹنگ پر پابندی آئین کے آرٹیکل 8,9,10،18,19 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پیمرا کی جانب سے عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن 21 مئی 2024 کو جاری کیا۔ پیمرا قواعد عدالتی لائیو رپورٹنگ کی اجازت دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

عدالتی رپورٹنگ پر پابندی عائد کرنے سے قبل اتھارٹی کی میٹنگ تک نہیں طلب کی گئی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پیمرا کے نوٹیفکیشن کو معطل کرنے کی متفرق درخواست پر نوٹس جاری کیا تھا۔عدالت نے پیمرا اور سیکریٹری اطلاعات کو نوٹس جاری کئے تھے اور مزید سماعت 28 مئی تک ملتوی کر دی تھی۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے بھی پیمرا کا عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

پی ایف یو جے کی جانب سے وائس چیئرمین اسلام آباد بار کونسل عادل عزیز قاضی کے ذریعے درخواست دائر کی گئی تھی۔درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ پیمرا کا عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کا 21 مئی کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جائے۔درخواست میں پی ایف یو جے نے موقف اختیار کیاتھا کہ 21 مئی 2024ءکو پیمرا کی جانب سے 2 نوٹیفکیشنز کا اجراءہواتھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں