کراچی،تیسر ٹائون اسکیم 45 کی قرعہ اندازی جون کے آخر میں ہوگی،ایڈیشنل ڈائریکٹرجنرل ایم ڈی اے

منگل 21 مئی 2019 14:28

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2019ء) ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی(ایم ڈی ای)کی جانب سے تیسر ٹائون اسکیم 45 کی کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی جون کے آخر میں کرائے جانے کا امکان ہے، جس میں شریک ایک لاکھ 70 ہزار افراد میں سے 22 ہزار افراد کو پلاٹ مل جائیں گے۔اس ضمن میں ایم ڈی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد سہیل خان نے بتایا کہ 15 اپریل فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ تھی اس دن تک ایم ڈی اے کو ایک لاکھ 70 ہزار فارم موصول ہوئے۔

اس کے بعد فارم وصولی کا سلسلہ بند کردیا گیاتھا۔تقریبا21ہزار ایکڑ پر محیط اس ہائوسنگ اسکیم میں22ہزار پلاٹوں کیلئے قرعہ اندازی ہوگی جس میں ایک لاکھ 70 ہزار افراد حصہ لے رہے ہیں۔ پلاٹوں کا سائز 80، 120، 240 اور 400 مربع گز ہے۔ایم ڈی اے نے فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ کے ٹھیک60 دن بعد قرعہ اندازی کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور ان پلاٹوں پر ڈیولپمنٹ چارجز اگلے ہفتے ہونے والے اجلاس میں طے کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

محمد سہیل خان نے بتایاکہ ڈیولپمنٹ چارجز(ترقیاتی اخراجات)پلاٹ کی قیمت کے برابر ہوسکتے ہیں۔ اگر آپ کا 80 گز کا پلاٹ80 ہزار روپے کا ہے تو اس کے ساتھ ڈیولپمنٹ چارجز بھی80ہزار روپے ہوں گے مگر اس بارے میں ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔ایک اندازے کے مطابق 80 اور 120 گز کے پلاٹ پر گھر بنانے کا خرچہ تقریبا 3 لاکھ سے 5 لاکھ تک ہے۔تیسر ٹائون اسکیم 45گلشن معمار اور ڈریم ورلڈ ریزارٹ کے مابین واقع ہے جہاں پہلے ہی بہت ساری ہائوسنگ سوسائٹیز بن چکی ہیں۔

اسکیم 45 کو 1996 اور پھر 2005 میں لائونچ کیا گیا مگر منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ تقریبا 15 سال بعد سندھ حکومت نے گزشتہ ماہ اس اسکیم کو تیسری مرتبہ لائونچ کیا ہے۔انہوں نے بتایاکہ کراچی میں بدامنی اور کشیدگی کے باعث گزشتہ 10 سے 15 سال اس طرح کے منصوبوں کیلئے سازگار نہیں تھے۔ اب یہ پروجیکٹ 2 سال کے اندر مکمل ہوجائے گا۔تیسر ٹائون اسکیم 45 کا ماسٹر پلان 2003 میں ایک نجی انجینئرنگ فرم سے بنوایا گیا۔ اسکیم کا مقصد کم آمدنی والے شہریوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا اور کراچی کے شمال مشرق میں ایک نیا کاروباری گڑھ تخلیق کرنا تھا۔ اس کو 1986 میں کے ڈی اے نے منظور کیا مگر بعد ازاں 1996 میں منصوبہ ملیر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے سپرد کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں