سندھ ہائیکورٹ نے ادویات کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری بلدیات کو طلب کر لیا

منگل 15 اکتوبر 2019 17:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اکتوبر2019ء) سندھ ہائیکورٹ نے ادویات کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری بلدیات کو طلب کر لیا۔جسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس مسز کوثر سلطانہ حسین پر مشتمل دو رکنی بینچ کے روبرو ادویات کی مد میں واجبات کی عدم ادائیگی سے متعلق کے ایم سی کی سندھ حکومت سے واجبات کی ادائیگی کے لیے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

کے ایم سی کے وکیل سمیر غضنفر ایڈوکیٹ نے موقف دیا کہ 13 سرکاری اسپتالوں میں ادویات کے لیے سندھ حکومت نے رقم کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

ادویات خرید کر استعمال کر چکے مگر سیکرٹری فنانس نے رقم روک لی۔ ادویات بنانے والی کمپنیاں اب ہمارے خلاف کیس پر کیس دائر کر رہی ہیں۔ 17 کروڑ سے زائد کے واجبات ہو چکے مگر سندھ حکومت دینے کو تیار نہیں۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے موقف دیا کہ سیکرٹری فنانس سے جواب مانگا ہے جس کا انتظار ہے۔ عدالت نے ریماکس دیئے سیکرٹری فنانس کو آخری سماعت پر جواب کے لیے کہا، جواب کیوں نہیں دیا جا رہا۔ عدالت نے سیکرٹری فنانس اور سیکرٹری بلدیات کو طلب کرلیا۔ عدالت نے دونوں سیکریٹریز سے واجبات کی عدم ادائیگی پر وضاحت بھی طلب کرتے ہوئے سماعت 14 نومبر تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں