محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے تاریخی برنس گارڈن میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا

جمعرات 17 اکتوبر 2019 21:22

کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اکتوبر2019ء) سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں بلدیہ عظمی کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے جمعرات کو ایک خصوصی کارروائی کرتے ہوئے برنس روڈ کے علاقے میں واقع تاریخی برنس گارڈن میں قائم غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا جہاں ایک بڑا کیفے اور چار دکانوں سمیت دیگر پختہ تعمیرات قائم تھیں۔

جمعرات کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع جنوبی میں واقع برنس گارڈن (عجائب گھر) کے احاطے میں گزشتہ کئی سال سے کاروبار سرگرمیاں جاری تھیں اور پختہ تعمیرات کرکے تجاوزات قائم کرلی گئی تھیںتاہم سپریم کورٹ کی ہدایت پر سینئرڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی کی نگرانی میں یہاں آپریشن کرکے غیرقانونی تعمیرات کو مسمار کردیا گیا ، آپریشن کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر افتخار صدیقی ،آصف جیٹھا، نعمان احمد ،علاقہ پولیس اور محکمہ انسداد تجاوزات کا عملہ بھی موجود تھا، بلدیہ عظمی کراچی کے عملے نے پختہ تعمیرات کو توڑنے کے لئے بھاری مشینری کا استعمال کیا، بعض لوگوں نے مزاحمت کرنے کی بھی کوشش کی مگر علاقہ پولیس کے تعاون سے ان پر قابو پا لیا گیا۔

(جاری ہے)

سینئر ڈائریکٹر محکمہ انسداد تجاوزات بشیر صدیقی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت ہے کہ کسی بھی پارک میں کمرشل سرگرمیاں یا تعمیرات نہیں ہو سکتیں لہٰذا سپریم کورٹ کی ہدایت پر عملدرآمد کرانے کے لئے ہم ہر جگہ ایسی تعمیرات توڑ رہے ہیں جو پارکوں یا فلاحی مقاصد کے لئے مختص قطعہ اراضی پر قائم ہوگی۔ برنس گارڈن کراچی کا قدیم اور تاریخی پارک ہے اس میں تمام غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کرنا شروع کر دیا ہے اس کو تعمیرات اور تجاوزات سے صاف کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں