پولیس کے محکمے کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیاجائے،ہیومن رائٹس نیٹ ورک

ہفتہ 18 جنوری 2020 23:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جنوری2020ء) ہیومن رائٹس نیٹ ورک کے صدر انتخاب عالم سوری اور جنرل سیکریٹری شہزاد مظہر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس کے محکمے کو سیاسی مداخلت سے آزاد کیاجائے، سندھ میں حالات اچھے نہیں ہے، جرائم میں مسلسل اضافہ ایک سوالیہ نشان ہے ،پولیس میں سیاسی بھرتیوں کا سدباب ہونا چاہیے ، ایسے لوگوں کی وجہ سے پورا محکمہ بدنام ہوتاہے ، میرٹ پر بھرتیوں سے محکمہ جاتی کارکردگی بہتر ہوگی، عدلیہ اور وفاق کو اس پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے کاموں کو چھوڑ کر پولیس کے معاملات میں غیر ضروری مداخلت کرکے پورے محکمے کو متنازع بنارہی ہے، صوبائی وزرائ اپنی وزارتوںپر توجہ دیں ، سندھ کی عوام کو ان کی بہت ضرورت ہے اور دیگر اداروں کو اپنا کام اچھے طریقے سے کرنے دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سٹی زن پولیس لائسن کمیٹی (سی پی ایل سی) کے ادارے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سی پی ایل سی کا ادارہ بھی غیر موثر ہوچکا ہے، ادارے کے افسران کو بھی سیاسی پشت پناہی حاصل ہے، ماضی میں بھی سی پی ایل سی کے افسران کرپشن جیسے جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تبدیلی نے عوام کا بھرتا نکال دیا ، مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے، حکومت کوشہریوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنے ہونگے۔ انہوں نے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا کہ پولیس کو سیاسی معاملات سے آزاد کیاجائے۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں