صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا، جام اکرام اللہ دھاریجو

افسران کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتکاروں کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشن شپ کو برقرار رکھیں،صوبائی وزیر صنعت و تجارت

جمعہ 19 اپریل 2024 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت محکمہ صنعت و تجارت کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ، ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری اور دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ سیکرٹری صنعت محمد یاسین شر بلوچ اور ایم ڈی سائٹ غضنفر علی قادری نے صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کو جاری ترقیاتی سکیموں کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جام اکرام اللہ دھاریجو نے افسران سے کہا کہ وہ صوبے میں کاروباری و صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے ساتھ اچھے ورکنگ ریلیشن شپ کو برقرار رکھیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ خود صنعتی زونز کا دورہ کرکے درپیش مسائل کا جائزہ لیں گے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کو بہتر کریں، تجاوزات کا خاتمہ کریں اور ملازمین کی بروقت تنخواہوں کے اجرا کو یقینی بنائیں۔۔صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے امید ظاہر کی کہ محکمہ کے افسران اہداف حاصل کرنے کے لیے سخت محنت کریں گے کیونکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سندھ میں صنعتی انقلاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں