مشیر لائیو اسٹاک سید نجمی عالم کی زیر صدارت کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی اور فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کا مشترکہ اجلاس

ایم ڈی کراچی فش ہاربر اتھارٹی علی گل سنجرانی اور فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد علی بھٹی نے اپنے معاون عملے کے ہمراہ صوبائی مشیر کو بریفنگ دی

بدھ 24 اپریل 2024 22:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2024ء) وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے لائیو اسٹاک فشریز اینڈ ہیومن سیٹلمنٹ سید نجمی عالم نے بدھ کو اپنے دفتر میں کراچی فشریز ہاربر اتھارٹی اور فشر مین کوآپریٹو سوسائٹی کا مشترکہ اجلاس کی صدارت کی۔ اس موقع پر ایم ڈی کراچی فش ہاربر اتھارٹی علی گل سنجرانی اور فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد علی بھٹی نے اپنے معاون عملے کے ہمراہ صوبائی مشیر کو بریفنگ دی۔

سید نجمی عالم نے اپنے خطاب میں دونوں اداروں کو واضح کیا کہ ہماری اولین ترجیح ہمارے غریب ماہی گیر ہیں ہمیں اس طبقے کے مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ہمیں بھارت میں قید 166 ماہی گیروں کو رہا کروانا ہے جس کیلئے ہم محکمہ داخلہ سندھ کے سیکریٹری سے رابطہ کریں گے اور وفاقی وزارت خارجہ سے اس سلسلے میں سندھ حکومت کی مدد کرنے کی درخواست کریں گے جبکہ دوسرا اہم مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں یورپی یونین کی مچھلی کی برآمدات پر عائد پابندی کو ہٹوانا ہے تاکہ ہم آئندہ 6 ماہ کے دوران ایسے اقدامات کر کے اس پابندی کو ختم کر واسکیں تاکہ قومی معیشت کو سہارا مل سکے اور مقامی ماہی گیر بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔

(جاری ہے)

سید نجمی عالم نے کہا کہ ہمیں ماہی گیری پر پابندی کے دوران مقامی ماہی گیروں کو فاقہ کشی سے بچانے کیلئے بھی اقدامات کرنے چاہئیں، اس کیلئے نہ صرف سندھ حکومت بلکہ ہم وفاقی حکومت سے بھی اپنے ماہی گیر بھائیوں کی مدد کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ فشرمین کوآپریٹو سوسائٹی اپنے تمام ماہی گیروں کو سندھ حکومت کے پاس رجسٹرڈ کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ 6 ماہ کے دوران ہمیں اپنے تمام اہداف کو پورا کرنا ہے تاکہ قومی معیشت سمیت مچھلی کی صنعت سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈرز اور مقامی ماہی گیروں کی حالت بہتر ہو سکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں