کراچی : مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا

شاہراہ فیصل پر جناح ہسپتال کے قریب بدترین ٹریفک جام میں پھنسے مریض کی حالت غیر ہوگئی،منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوا

جمعہ 26 اپریل 2024 16:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) شہر قائد میں جمعہ کی صبح کے اوقات میں مختلف شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔۔ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، شاہراہ فیصل کی لنک سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے تمام راستوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

تفصیلات کے مطابق جوہر موڑ، ڈالمیا، اسٹیڈیم روڈ اور شارع فیصل پر شدید ٹریفک جام ہونے کے باعث سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔شاہراہ فیصل پر جناح ہسپتال کے قریب بدترین ٹریفک جام میں پھنسے مریض کی حالت غیر ہوگئی۔ٹریفک جام کی وجہ سے شہریوں نے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے کیا، شاہراہ فیصل کی لنک سڑکوں پر ٹریفک کا دباو بڑھنے سے تمام راستوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔

(جاری ہے)

لوگ گاڑیوں میں پھنس کر رہ گئے بدترین ٹریفک جام کے باعث مریضوں کو ہسپتال لے جانے والی ایمبولینس گاڑیاں بھی پھنس کر رہ گئیں۔مریض کو پرائیوٹ گاڑی میں لے کر جانے والے تیمار دار راستہ بناتے رہے۔ٹریفک جام اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل سواروں کو بھی فٹ پاتھ تک پر راستہ نہ مل سکا، ٹریفک جام کے دوران ٹریفک پولیس کی روایتی نااہلی دیکھنے میں آئی، ٹریفک پولیس کے اہلکار کہیں دکھائی نہیں دیے۔سڑک پر ٹریفک پولیس نہ ہونے کی وجہ سے شہری اپنی مدد آپ کے تحت راستہ بناتے رہے،۔ادھر ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ او لیول کے امتحانات کے باعث سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں