کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے ،میئر کراچی

شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز کے لئے جگہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے،مرتضیٰ وہاب

جمعہ 26 اپریل 2024 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اپریل2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی کے تمام اضلاع میں بیک وقت تجاوزات کے خلاف مہم شروع کردی ہے ، ہر ٹائون میں کے ایم سی انسپکٹر تعینات کئے جا رہے ہیں، شہری انتظامیہ اور کے ایم سی مل کر تجاوزات کے خلاف آپریشن کرے گی، عدالتی احکامات کے مطابق شہر بھر سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے حکمت عملی تیار کی گئی ہے، شہر سے تجاوزات ختم کرنے کا مقصد شہریوں کو بے روزگار کرنا نہیں ہے، ہر ڈسٹرکٹ میں ہاکرز کے لئے جگہ مختص کرنے کی تجویز زیر غور ہے تاکہ وہاں ٹھیلوں اور پتھاروں کو منتقل کیا جاسکے، یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز صدر دفتر بلدیہ عظمیٰ کراچی میں انسداد تجاوزات کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی ،میونسپل کمشنر کے ایم سی ایس ایم افضل زیدی ، تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کے دوران ایم اے جناح روڈ صدر، ریگل مارکیٹ، موبائل مارکیٹ، نیو ایم اے جناح روڈ، بوہری بازار اور ضلع جنوبی کے دیگر علاقوںسے تجاوزات ختم کی جائیں گی، اجلاس کے دوران کراچی کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنی حدود میں واقع تجاوزات اور ان کے خاتمے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی نے بتایا کہ ان کے ضلع میں حیدری فوڈ اسٹریٹ بلاکHنارتھ ناظم آباد، لنڈی کوتل چورنگی، سندھی ہوٹل، حسین آباد فوڈ اسٹریٹ، اللہ والا چورنگی نارتھ کراچی، لیاقت آباد 10 نمبر اور سپرمارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی بھرمار ہے ، تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر ان تمام جگہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر جنوبی نے کہا کہ ایم اے جناح روڈ، صدر ، ریگل مارکیٹ، کوآپریٹو مارکیٹ، بوہری بازار، لی مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کی وجہ سے مسائل کا سامنا ہے جبکہ نیو ایم اے جناح روڈ پر گاڑیوں کی پارکنگ کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، صدر کے علاقے میں موبائل مارکیٹ کی وجہ سے ٹریفک کے لئے مشکلات ہو رہی ہیں جس کا حل نکالنا ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر غربی نے کہا کہ ان کے ضلع میں بنارس فلائی اوور کے نیچے تجاوزات کی وجہ سے مسائل ہیں، اورنگی ٹائون 10نمبر اور قطر اسپتال کے اطراف زیادہ تجاوزات ہیں جن کا خاتمہ کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ملیر میں قائد آباد برج کے نیچے سے تجاوزات ختم کی جائیں گی اور دیگر اہم سڑکوں کے اطراف بھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لئے اقدامات عمل میں لائے جائیں گے، ڈپٹی کمشنر کیماڑی نے تجاوزات کے حوالے سے جن علاقوں کی نشاندہی کی ان میں شیر شاہ ، منگھوپیر روڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ سائٹ ایریا میں فیکٹریوں کے باہر کی جگہ شجر کاری اور سبزہ کاری کرنے کے بجائے وہاں گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے جگہ مخصوص کردی گئی ہے لہٰذا فیکٹری مالکان سے درخواست کی جائے گی کہ وہ اپنی فیکٹریوں کے باہر درخت لگائیں اور جگہ کو بہتر کریں، اجلاس کے دوران ضلع شرقی میں طارق روڈ، سماما شاپنگ سینٹر، پہلوان گوٹھ اور دیگر علاقوں میں تجاوزات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے کہا کہ بلااجازت سڑک کاٹنے پر دفعہ 144لگانے کی تجویز زیر غور ہے اور اسے جلد نافذ کیا جائے گا،شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے کے ایم سی اور ٹائونز کے ساتھ مل کر مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی، شارع فیصل پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی، لسبیلہ چوک سے گرومندر تک لاکھوں کی تعداد میں رکشے کھڑے ہوتے ہیں جس کے باعث ٹریفک متاثر ہوتی ہے، متعلقہ ایسو سی ایشن سے رابطہ کرکے اس مسئلے کا حل نکالا جائے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں