گورنرسندھ کی روٹری ہوپ کون 2024کی سالانہ کانفرنس میں شرکت

ہفتہ 27 اپریل 2024 18:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے Rotary Hopecon 2024کی سالانہ کانفرنس میں شرکت کی۔ روٹری انٹرنیشنل پریذیڈنٹس کے نمائندے محمد فیض قدوائی، ڈسٹرکٹ گورنر روٹری انٹرنیشنل محمد حنیف خان، چیئر ڈسٹرکٹ کانفرنس شہزاد صابر اور چیف ایڈوائزر روٹری انٹرنیشنل ریئر ایڈمرل تنویر احمد نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔

گورنر سندھ نے روٹری کمیونٹی کی انتھک لگن اور غیر متزلزل عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ روٹری انٹرنیشنل، 1.4 ملین سے زیادہ افراد کی رکنیت کے ساتھ 200 سے زائد ممالک میں کام کر رہی ہے، جوکہ خوش آئند ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ روٹیرینز(Rotarians)موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے احسن طریقے سے کام سرانجام دے رہی ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کے لیے 4 اسمارٹ ولیجز کی تعمیر کے اقدامات ، دیگر منصوبوں میں درخت لگانے، پانی اور صفائی کے منصوبے، روٹری کے نوجوانوں کے پروگرام میں Rotaract اور Interact، تعلیم اور تحفظ کے منصوبے قابل تعریف ہیں۔

(جاری ہے)

کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہم ایک دوسرے کا مسیحا بنیں گے تو لوگ اپنے پیروں پر کھڑے ہوسکتے ہیں، گورنر ہاؤس کے دروازے عوام کے لیے کھول دئیے ہیں، 50 ہزار بچوں کو آئی ٹی کورس کروا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا ہدف ایک ملین بچوں کو آئی ٹی کے کورسز کروانا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں