کراچی، مشتعل عوام نے ڈکیتی کرتے پکڑے گئے ڈاکوں پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی

آئے روز ڈکیتیوں سے پریشان شہریوں نے خاتون کو لوٹ فرار ہونے والے ڈاکوں کو پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا

ہفتہ 27 اپریل 2024 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) کراچی کے علاقے نارتھ کراچی میں خاتون سے لوٹ مار کرنے والا ڈاکو عوام کے ہتھے چڑھ گیا۔آئے روز ڈکیتیوں سے پریشان شہریوں نے خاتون کو لوٹ فرار ہونے والے ڈاکوں کو پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا، اس کے بعد پیٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔واقعے کی سامنے آئی فوٹیج میں ایک شہری کو آگ بجھاتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

آگ لگنے سے ڈاکو زخمی ہوگئے، جنہیں پولیس نے حراست میں لے لیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ تشدد کا نشانہ بننے والے ملزمان سے اسلحہ اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ زیرِ حراست ڈاکوں کی شناخت عبداللہ اور شاہزیب کے ناموں سے ہوئی ہے، ملزمان کے قبضے سے 2 عدد پسٹل 30 بور لوڈ میگزین اور موٹر سائیکل بھی برآمد ہوئے ہیں، موٹر سائیکل سرجانی ٹاؤن کی حدود سے چھینی ہوئی ہے جس کا مقدم بھی درج ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق ملزم شاہزیب کا کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے، ملزم شاہزیب اس سے قبل اقبال مارکیٹ تھانے سے گرفتار ہوچکا ہے، ملزمان کے خلاف کارروائی کے بعد مقدمات درج کیے جارہے ہیں، جبکہ ڈاکوؤں کو جلانے کی کوشش میں ملوث افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ نشاندہی کے بعد آگ لگانے والے شہریوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں