کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کرے، سعید احمدبیگ

عوام ہلکے کپڑے پہنیں باہر نکلتے وقت سر پر کپڑا ڈھانپ لیں ،پانی ابال کر پئیں ،ماہرین صحت

منگل 30 اپریل 2024 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے Kالیکٹرک حکا م سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ شدید گرمی عوام کا براحال ہے ،ایسے میں لوڈ شیڈنگ کے باعث عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے، خداراعوام کے حال پر رحم کرتے ہوئے لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم کیاجائے۔ وہ پاک امن کے تحت عوامی آگاہی مہم کے موقع پر ماہرین صحت کے ہمراہ بات چیت کررہے تھے۔

ماہرین صحت نے عوام الناس کو مشورہ دیاکہ گرمی کی شدت بڑھتے ہی انسان میں مختلف انفیکشنز کا خطرہ بڑھ جاتاہے، لہٰذا شہری باہر کے کھانے اور مشروبات سے باالکل پرہیز کریں۔ان کا کہناتھاکہ غیر معیاری مشروبات اور کھانوں سے معدے کی بیماریاں جنم لیتی ہیں لہٰذا احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مشورہ دیاکہ عوام باالکل ہلکے کپڑے پہنیں باہر نکلتے وقت سر پر کپڑا ڈھانپ لیں ،پانی ابال کر پئیں اور بلاضرورت گھرسے باہر نہ نکلیں۔

انہوں نے بتایاکہ آئندہ چارپانچ دنوں میں گرمی کے مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے سعید احمد بیگ نے کہاکہ احتیاط ہر حال میں لازم ہے، بے احتیاطی سے انسان پریشانی کا شکارہوجاتاہے۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کا گھروں میں رہنابھی محال ہوچکاہے ،ایسے میں انسان جائے تو کہاں جائے۔ حکومتی سطح پر اس مسئلے کا فوری حل نکالناچاہئے۔عوام کا تحفظ اور ضروریات زندگی کی فراہمی حکومتی ذمہ داری ہے، شدید گرمی سے اگر کوئی جانی نقصان ہوگا تو اس کی ذمہ دار بھی حکومت اور اس کی انتظامیہ ہوگی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں