اپنے شہیدوں کی تعظیم نہ کرنے والے لوگ بدنصیب ہوتے ہیں،گورنرسندھ

ہفتہ 11 مئی 2024 22:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2024ء) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ تعظیم شہداءکی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے،شہیدوں نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کردیا،بدنصیب ہیں، وہ لوگ جو اپنے شہیدوں کی تعظیم نہیں کرتے، بدنصیب ہیں، وہ لوگ کہ جنہوں نے نو مئی کا واقعہ رونما کروایا۔گورنر ہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرنے کی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

گورنرسندھ کی آمد پر شہداءفائونڈیشن کے جنرل سیکریٹری نبیل شاہد نے گورنر سندھ کا استقبال کیا۔گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نےتقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان سکیورٹی اداروں کی بدولت آج ہم سکون کی نیند سوتے ہیں،احسان فراموش قومیں ترقی نہیں کرتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سلام ہے ان محافظوں کو جو دشمن قوتوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہیں،میں عوام سے کہوں گا جو افواج پاکستان اور عوام میں تفریق ڈال رہے ہیں قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کے وہ بہادر افراد جنہوں نے اپنے ملک کی خدمت میں لازوال قربانیاں دیں،ان تمام شہداءاور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہداء فائونڈیشن ،شہداءکے خاندانوں کے لیے امید اور حمایت کی ایسی کرن ہے، جو انہیں وہ دیکھ بھال، مدد اور پہچان فراہم کرتی ہے جو وہ اپنی بے پناہ قربانیوں کے مستحق ہیں، اِن تمام شہداء، ان کے اہل خانہ اور ان کے چاہنے والوں کی قربانیاں ہم پر ایسا قرض ہے جو ہم کبھی بھی پوری طرح ادا نہیں کر سکتے۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں