کراچی کی مویشی منڈی میں 30 ہزار سے زائد جانور پہنچ گئے

پولیس حکام کی جانب سے خریداروں کے تحفظ کیلئے پولیس کی اضافی فورس تعینات کرنے کا بھی فیصلہ

ہفتہ 25 مئی 2024 23:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) نادرن بائی پاس پر مویشی منڈی میں ملک کے مختلف شہروں سے قربانی کے 30 ہزار سے زائد جانور پہنچ گئے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب ، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان سے عید قرباں کے لئے کراچی نادرن بائی پاس پر منڈی میں جانوروں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔گائے بیل کے ساتھ ساتھ بکروں اور اونٹوں کی بھی بڑی تعداد مویشی منڈی پہنچ گئی ہے، انتظامیہ نے بتایا کہ شہید بے نظیر آباد نواب شاہ سے 100 سے زائد اونٹ قربانی کے لئیے منڈی کی زینت بن گئے۔

مختلف شہروں سے قربانی کے 30 ہزار سے زائد جانور پہنچ گئے، سندھی، تھری، ساکرہ، پہاڑی اور دیسی سمیت مختلف نسلوں کے اونٹ خریداروں کے منتظر ہیں ، بیوپاری ایک اونٹ کی قیمت دو لاکھ سے لے 15 لاکھ تک بتا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

میر پور خاص، نواب شاہ سمیت اندرون سندہ سے خوبصورت بکرے منڈی پہنچ گئے، میر پور خاص سے لائے گئے ڈیڑھ سے دو من کے بکروں کی قیمت 3 لاکھ سے 4 لاکھ تک بتائی جارہی ہے۔

منڈی میں جانور تو آرہے ہیں مگر شدید گرمی اور عید قربان میں زیادہ دن ہونے کے سبب خریداروں کی تعداد کم اور جو آرہے ہیں وہ مہنگائی کیوجہ سے پریشان بھی ہیں۔بیوپاریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت ہی کچھ خریدار یہاں کا رخ کر رہے ہیں تاہم پولیس حکام کی جانب سے خریداروں کے تحفظ کیلئے پولیس کی اضافی فورس تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں