دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی مئی کے دوسرے اتوار12مئی کومائوں کا عالمی دن منایاگیا

اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کے تحفظ اور اچھی پرورش کے لیے مائوں کی بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کو سراہنا ہے

اتوار 12 مئی 2024 16:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2024ء) دنیا بھرکی طرح پاکستان میں بھی مئی کے دوسرے اتوار12مئی کومائوں کا عالمی دن منایاگیا،اس دن کو منانے کا مقصد بچوں کے تحفظ اور اچھی پرورش کیلئے مائوں کی بے شمار قربانیوں اور جدوجہد کو سراہنا ہے۔مائوں کا عالمی دن منانے کی روایت امریکی سماجی کارکن اینا جارویس نے ڈالی۔انہوں نے امریکا میں خانہ جنگی کے دوران اپنی والدہ کے کام سے متاثر ہو کر امریکا میں ماں کے ایک مخصوص دن مقرر کرنے کے لیے ایک تحریک کا آغاز کیا۔

انہوں نی1908 میں اپنی ماں کی یاد میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کر کے ماں کی جدوجہد کو سراہنے کے لیے مائوں کیلئے ایک مخصوص دن مقرر کرنے کی بنیاد رکھی۔اینا جارویس کی بھرپور کوششوں کے بعد امریکی صدر ووڈرو وِلسن نے 1914 میں مئی کے دوسرے اتوار کو مائوں کے لیے وقف کرنے کی منظوری دی تھی۔

(جاری ہے)

مائوں کے عالمی دن کو دنیا کی بڑی کمپنیوں کی جانب سے اپنے کاروباری فوائد کے لیے استعمال ہوتا دیکھ کر اینا جارویس کو اس دن کی روایت قائم کرنے کے اپنے فیصلے پر پچھتاوا ہونے لگا اور پھر انہوں نے اپنے بقیہ زندگی اس روایت کو ختم کرنے کی تحریک میں گزاری لیکن وہ اس مقصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔

1920 کی دہائی تک مائوں کا دن منانے کی روایت بہت زیادہ مقبول ہو گئی تھی اور کمپنیوں نے اس دن کے حوالے سے خصوصی کارڈز اور تحائف بیچنا شروع کر دیئے تھے جو اینا جارویس کو بالکل پسند نہیں آیا کیونکہ ان کے خیال اس طرح اس دن کی اہمیت میں کمی آ گئی تھا۔وہ نہیں چاہتی تھیں کہ لوگ اس دن کو منانے کیلئے خوبصورت پھولوں، کارڈز اور چاکلیٹ پر بہت زیادہ پیسے خرچ کریں۔اینا جارویس نے اپنی آخری سانس تک مائوں کے دن کو خاص رکھنے کیلئے بہت کوشش کی جس کی وجہ سے انہیں خود معاشی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ انہوں نے مائوں کے دن کو کاروباری فوائد کے لیے استعمال ہونے سے بچانے کے لیے اپنے بہت پیسے خرچ کیے۔اینا جارویس نومبر 1948 میں حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال کر گئی تھیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں