کراچی،سرجانی ٹائون میں ڈکیتی کی کوشش ناکام، شہری کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب ڈکیتوں نے مزاحمت کے دوران موٹرسائیکل سوارکوگولی مار کر زخمی کر دیا

اتوار 26 مئی 2024 17:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2024ء) کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون میں شہری نے ڈکیتی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ڈاکو کو گولی مارکر قتل کردیا۔ایس ایچ اوسرجانی پولیس اسٹیشن اسد اللہ آغا نے بتایا کہ اتوار کی علی الصبح گلشن نور میں گو پیٹرول پمپ کے قریب دو ملزمان نے نامعلوم شہری کو لوٹنے کی کوشش کی، شہری نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈکیتوں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو گولی لگنے سے زخمی ہو گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا۔

ایس ایچ او کے مطابق فائرنگ کرنے والا شہری خود بھی جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا، زخمی ڈکیت کو عباسی شہید ہسپتال لے جایا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا، مقتول کی شناخت 18 سالہ بلال یاسین کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقتول کا ماضی میں بھی مجرمانہ ریکارڈ موجود ہے، اس پر ڈکیتی سے متعلق 5 مقدمات درج ہیں جن میں بلال کالونی اور سرجانی ٹائون میں بالترتیب ڈکیتیوں کے دوران شہریوں کو زخمی کرنے کا مقدمہ بھی شامل ہے، ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوا ہے۔

(جاری ہے)

دریں اثنا، اتوار کو کنیز فاطمہ سوسائٹی کے قریب موٹر سائیکل سوار 25 سالہ آصف شاکر کو ڈکیتی مزاحمت کے دوران گولی مار کر زخمی کر دیا گیا۔سرجانی پولیس کے ایس ایچ او اسد اللہ آغا نے بتایا کہ ملزمان نے شہری سے موبائل فون چھینا، مزاحمت پر اسے گولی مار دی اور قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہو گئے، زخمی شہری کو اے ایس ایچ منتقل کر دیا گیا ہے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں