سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمت میں اضافے سے متعلق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر کمشنر کراچی ریکارڈ سمیت طلب

جن لوگوں کو لا کر بٹھا دیا گیا وہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں، ڈالر دیکھیں 300 روپے پر چلاگیا ہے، دوران سماعت چیف جسٹس کے ریمارکس

منگل 14 مئی 2024 16:24

سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمت میں اضافے سے متعلق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر کمشنر کراچی ریکارڈ سمیت طلب
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے دودھ کی قیمت میں اضافے سے متعلق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر کمشنر کراچی کو متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ طلب کرلیا۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمت میں اضافے سے متعلق ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت ہوئی ۔وکیل درخواست گزار منصف جان ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ڈیری فارمرز کے لئے دودھ کی قیمت 229 روپے مقرر کی جائے۔

چیف جسٹس عقیل احمد عباسی نے استفسار کیا کہ جس طرح اب دودھ کی قیمت کا تعین ہوا ہے پہلے بھی ایسا ہوتا رہا کیا چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ منافع پر ہم آپ کی کوئی مدد نہیں کریں گے مارکیٹ کے حساب سے مارجن ہوگا۔اسی لیے حکومت کو قیمت کے تعین کا اختیار ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے وکیل درخواست گزار سے استفسار کیا کہ آپ نے دودھ کی قیمت 229 روپے مقرر کرنے کی تجویز دی۔

وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ تین اکتوبر 2023 کو میٹنگ میں دودھ کی ریٹیل قیمت 200 روپے مقرر کی گئی۔مسئلہ صرف ڈیری فارمرز کا ہے ۔وکیل سندھ حکومت نے بتایا کہ چیف سیکرٹری اور کمشنر کراچی نے جواب جمع کروادیا ہے۔ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے صدر نے کمشنر کی میٹنگ میں شرکت کی ہے جس میں قیمت کا تعین ہوا ہے لیکن عدالت میں ان کا ایک ممبر آیا ہے۔

درخواست گزار سکندر ناگوری ڈیری فارمر نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ کمشنر کراچی والے ہمیں میٹنگ سے دھکے دے کر نکال دیتے ہیں ۔حیدرآباد میں ریٹیلرز کو 190 روپے فی کلو دودھ کی قیمت مقرر کی ہے اور کراچی میں 180 روپے فی کلو قیمت مقرر کی گئی ۔چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو لا کر بٹھا دیا گیا وہ ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔ڈالر دیکھیں 300 روپے پر چلاگیا ہے۔عدالت نے کمشنر کراچی کو متعلقہ ریکارڈ کے ساتھ طلب کرتے ہوئے درخواست کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں