کراچی: اورنگی ٹائون میں 7 سالہ بچی کیساتھ مبینہ زیادتی، مقدمہ درج

سندھ کے وزیرداخلہ نے واقعہ پر انتہائی برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ کو جامع انکوائری کے احکامات جاری کردیئے

منگل 14 مئی 2024 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 مئی2024ء) کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں کم عمر بچی کے ساتھ ریپ کرنے کا مقدمہ نامعلوم ملزم کے خلاف درج کرلیا گیاہے جبکہ سندھ کے وزیرداخلہ نے واقعہ پر انتہائی برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ کو جامع انکوائری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے اورنگی ٹائون کے علاقے پاکستان بازار میں 7 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔

واقعہ کا مقدمہ تھانہ پاکستان بازار میں درج کرلیا گیا، مقدمہ متاثرہ بچی کے دادا عبدالغفور کی مدعیت میں زیادتی کی دفعہ کے تحت نامعلوم ملزم کے خلاف درج کیا گیا ہے۔مقدمے کے متن کے مطابق میری بہو نے کل شام بذریعہ فون مجھے فوری گھر پر بلایا۔بہو نے بتایا کہ میری پوتی شام 4 بجے گھر سے کھیلنے کے لیے نکلی باہر تھی، تقریبا شام 5 بجے روتی ہوئی گھر آئی اور اس کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا، دعوی ہے کہ میری پوتی کو نامعلوم ملزم یا ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

مدعی مقدمہ کے مطابق متاثرہ بچی کا والد عثمان نشے کا عادی ہے،گھر پر نہیں رہتا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمیہ سید نے طبی معائنے میں بچی کے ساتھ ریپ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طبی معائنے میں بچی کے ڈی این اے کے سیمپل بھی لیے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بچی کے گھر کے اطراف کوئی سی سی ٹی وی کیمرہ موجود نہیں ہے، دادا کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس کے مطابق نامعلوم شخص بچی کا ریپ کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔ والدہ کے مطابق بچی کا باپ نشہ کرتا ہے اور گھر پر نہیں رہتا، وہ خود کام کرکے گھر کا خرچ چلاتی ہیں۔متاثہ بچی کو طبی امداد کی فراہمی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔دوسری جانب سندھ کے وزیرداخلہ ضیاء الحسن لنجارنے واقعہ پر انتہائی برہمی کا اظہارکرتے ہوئے ایس ایس پی ویسٹ کو جامع انکوائری کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ وقوعہ پر مشتمل ابتک کی پیش رفت پرمشتمل تفصیلات ارسال کی جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں