آئی جی سندھ کی زیر صدارت تھانوں میں ضروری اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

جمعہ 17 مئی 2024 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2024ء) آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت اجلاس میں پولیسنگ کے عمل کو مزید تقویت دینے اور تھانوں میں ضروری اصلاحات متعارف کرانے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا گیا ۔ جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز،ڈی آئی جی ہیڈکواٹرز، اسٹبلشمنٹ،ایڈمن کراچی،ٹی اینڈ ٹی،آئی ٹی،فائنانس سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر ایڈشنل آئی جی آپریشنز،ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور ڈی آئی جی کے پی او کراچی نے اجلاس ایجنڈا پر علیحدہ علیحدہ بریفنگ دیتے ہوئے پولیسنگ اور تھانوں میں اصلاحات کے عمل کو مفاد عامہ کے زمرے میں ایک بڑا اقدام قرار دیا۔ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ سید پیر محمد شاہ نے اجلاس کو بریفنگ دیتے تجویز دی کہ علاقہ گشت اور نگرانی کے عمل کو غیرمعمولی بنانے کیلئے پولیس اہلکاروں کو تھانوں کے ذریعے تعینات کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلیوں،محلوں اور شاہراہوں پر پولیس ڈپلائمنٹ جیسے اقدامات،جرائم کی روک تھام میں مدد دینگے۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس اسٹیشنز کی تعداد میں اضافے اور کمی کے حوالے سے مزید تحقیق و جائزہ کے بعد قابل عمل امور پر مشتمل سفارشات برائے ملاحظہ ارسال کی جائیں، ترتیب کردہ سفارشات میں مجوزہ پولیس اسٹیشنز کے لیئے درکار بجٹ، گاڑیوں و دیگر وسائل کے حوالے سے جامع تفصیلات کا بھی احاطہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی شکایات پر بروقت ریسپانس اور ازالہ جیسے اقدامات کے لیئے ضروری ہوگیا ہے کہ مددگار 15 کو ماڈرن ٹیکنالوجی و جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے انتہائی ٹھوس اور موثر اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کی سرکوبی اور تحفظ عامہ جیسے اقدامات کو موثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے مددگار 15 کو ہیوی بائیکس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،نئے بھرتی ہونیوالے 11 ہزار اہلکاروں کی بڑی تعداد تھانہ جات میں تعینات کی جائے گی جسکا مقصد تھانہ پولیسنگ کو مزید ٹھوس اور مربوط بنانا ہے۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کی ترقی کے لئے یونیفائیڈ میکنزم بنایا جائے جس سے بلاشبہ محکمانہ ترقی کے عمل میں یکسانیت آئیگی۔ علاوہ ازیں تمام رینجز میں محکمانہ ترقی کے منتظر افسران،کانسٹیبلز و دیگر اہلکاروں کے لئے مختلف رینکس میں اضافی آسامیاں بھی پیدا کی جائیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں