معروف فارماسیوٹیکل کمپنی گیٹس فارما کے زیراہتمام اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس کے حوالے سے کانفرنس کاانعقاد

اتوار 19 مئی 2024 21:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2024ء) معروف فارماسیوٹیکل کمپنی گیٹس فارما نے وفاقی وزارت صحت، ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے اشتراک سے اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں 1400 سے زائد ماہرین صحت بشمول وفاقی اور صوبائی ہیلتھ سیکرٹریز، چاروں صوبوں کے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ، پاکستان کی 13 سے زائد میڈیکل سوسائٹیز کے صدور اور جنرل سیکرٹریوں سمیت میڈیکل اسٹوڈنٹس،اور صحت سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

ماہرین صحت نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف مزاحمت رکھنے والے بیکٹیریا کی وجہ سے ہونے والی انفیکشنز کے نتیجے میں پاکستان میں سالانہ تین لاکھ افراد کی براہ راست اموات ہو رہی ہیں جبکہ سالانہ 7 لاکھ افراد مختلف پیچیدگیوں کا شکار ہو کر موت کا شکار ہو جاتے ہیں،اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس یا اینٹی بائیوٹک ادویات کے خلاف بیکٹیریا میں بڑھتی ہوئی مزاحمت، دل کی بیماریوں، ماں اور بچوں کی ہلاکتوں کے بعد پاکستان میں اموات کا تیسرا بڑا سبب ہے، پاکستان چین اور ہندوستان کے بعد اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کرنے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں صرف 2023 میں 126 ارب روپوں کی اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کی گئیں،عوام کو چاہیے کہ اینٹی بائیوٹک ادویات مستند ڈاکٹروں کے مشورے کے بغیر اور خود میڈیکل سٹور سے خرید کر استعمال نہ کریں۔

(جاری ہے)

ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے وائس چانسلر پروفیسر شہزاد علی خان کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹکس جادوئی ادویات تھیں جن کی وجہ سے عظیم جنگوں اور عالمی وباؤں کے دوران کروڑوں انسانوں کی جانیں بچائی گئیں لیکن کچھ عرصے سے ان ادویات کا غیر ضروری اور بے تحاشہ استعمال ان ادویات کو غیر موثر بنا رہا ہے۔پنجاب کے سابق وزیر صحت اور پاکستان سوسائٹی آف انٹرنل میڈیسن کے صدر پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس بڑھتی ہوئی آبادی اور غیر متعدی بیماریوں کے بعد پاکستان کے لیے تیسرا بڑا مسئلہ بن چکا ہے، جس کی بنیادی وجہ ان ادویات کا ٹافیوں کی طرح استعمال کیا جانا ہے،ان کا کہنا تھا کہ اینٹی بائیوٹک ادویات بھی زہر ہی کی طرح ہیں، جس طرح لوگ ازخود کینسر کی ادویات استعمال نہیں کرتے اسی طریقے سے انہیں اینٹی بائیوٹک ادویات بھی بغیر طبی مشورے کے استعمال نہیں کرنی چاہیے۔

پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جہاں پر ایکس ڈی آر ٹائیفائڈ، ملٹی ڈرگ ریزسٹنٹ ٹی بی سمیت نمونیا اور ڈائریا ایسی بیماریاں ہیں جن پر اب تھرڈ اور فورتھ جنریشن اینٹی بائیوٹک ادویات کا اثر نہیں ہو رہا۔قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کی فوکل پرسن ڈاکٹر آفرینش عامر نے اس موقع پر بتایا کہ پاکستان میں پچھلے سال 126 ارب روپے کی اینٹی بائیوٹک ادویات استعمال کی گئیں، ان کا کہنا تھا کہ جانوروں اور پولٹری میں بھی اینٹی بائیوٹک ادویات کا بے تحاشہ استعمال کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں بیکٹیریا میں ان ادویات کے خلاف مزاحمت بڑھتی جا رہی ہے۔

دنیا کے معروف پیڈیاٹریشن اور طبی سائنسدان پروفیسر ذولفقار بھٹہ نے اس موقع پر عوام الناس کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے بچوں کو ٹائیفائیڈ کی ویکسین ضرور لگوائیں جو کہ حکومت مفت میں بچوں کو لگا رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ ویکسینیشن بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گیٹس فارما کی ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر وجیہہ جاوید نے بتایا کہ اینٹی بائیوٹک کے بے دریغ استعمال کے ساتھ ساتھ ملک میں بننے والی غیر معیاری ادویات بھی اینٹی مائکروبیل ریزسٹنس کا سبب بن سکتی ہیں۔

انہوں نے اس موقع پر بتایا کہ ان کی کمپنی وفاقی وزارت صحت اور قومی ادارہ برائے صحت اسلام اباد کے ساتھ مل کر اینٹی مائکروبیل اسسٹنس کے حوالے سے نیشنل ایکشن پلان پر کام کر رہی ہے۔اس موقع پر گیٹس فارما اور پاکستان کی 13 میڈیکل سوسائٹیز، وفاقی وزارت صحت، قومی ادارہ برائے صحت اسلام اباد اور ہیلتھ سروسز اکیڈمی میں مختلف معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت یہ ادارے مل کر اینٹی بائیوٹک ادویات کے غیر ضروری استعمال کو کم کرنے میں اشتراک کریں گے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں