صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز و بورڈز محمد علی ملکانی کی سربراہی میں میٹرک و انٹر بورڈ کے اجلاس کا انعقاد

بدھ 22 مئی 2024 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2024ء) صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز و بورڈز محمد علی ملکانی کی سربراہی میں میٹرک و انٹر بورڈ کا اجلاس سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے آفس میں منعقد ہوا، جس میں حالیہ میٹرک کے امتحانات پرائیوٹ سینٹرز میں منعقد کروانے،طلبا ء کو درپیش مشکلات اور امتحانات میں بدانتظامی اور بے قاعدگیوں کی شکایات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔

بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر افشاں رباب،ایڈیشنل سیکرٹری طارق قریشی،میٹرک و انٹر بورڈز کے چیئرمین،سیکرٹریز اور کنٹرولرزنے شرکت کی۔اجلاس میں حالیہ امتحانات کے دوران پرائیویٹ سینٹرز میں بدانتطامی و بے قاعدگیوں کی شکایات پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ برس پرائیوٹ سینٹرز میں امتحانات منعقد نہیں کیے جائیں گے اور تمام امتحانات سرکاری سکولوں و کالجوں میں کروائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر جامعات و بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا کہ پرائیوٹ سینٹرز میں امتحانات کی وجہ سے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجوکہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔انہوں نے میٹرک بورڈ کے افسران سے پوچھ گچھ کی کہ چھوٹے چھوٹے پرائیویٹ سینٹرز میں ڈیکوریشن کی کرسیاں رکھی گئیں ،ان پر کوئی اسٹوڈنٹ کیسے پیپر لکھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بورڈز افسران کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی ہےلیکن اس قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے سیکرٹری کو تمام شکایات کی انکوائری کروانے کی ہدایت کی۔انہوں نے دونوں امتحانی میٹرک اور انٹر بورڈز کے بورڈ آف گورنرز کی تشکیل اور انکے ممبران کا اجلاس نہ بلوانے پر بھی تشویش کا اظہار کیااور سیکرٹری یونیورسٹیز اینڈ بورڈز عباس بلوچ کو بی او جی اراکین کی تفصیلات اور بورڈز کی ازسر نو تشکیل کے ڈرافٹ سمری بنانے کی بھی ہدایات دیں۔

انہوں نے میٹرک بورڈ افسران سے پوچھ گچھ کی کہ گذشتہ قائم مقام وزیر اعلی سندھ کی طرف سے منظور کی گئی انکوائری رپورٹ پر اب تک عملدرآمد کیوں نہیں ہوا، اس وقت کی سیکرٹری تعلیم نے اپنی انکوائری میں بورڈز کے جن افسران کو ہٹانے کی سفارش کی تھی ان تمام افسران کو ہٹاکر رپورٹ پیش کریں۔وزیر جامعات نے سیکرٹری عباس بلوچ کو ہدایات دیں کہ امتحانات میں غیرشفافیت کی شکایات موصول ہوئی ہیں جن کی انکوائری کروائیں اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی جائے ۔

وزیر جامعات نے سیکرٹری عباس بلوچ کو تمام بورڈز کے اسپیشل آڈٹ کروانے کے احکامات جاری کردیے۔ اس کے علاوہ اجلاس میں انٹر بورڈ چیئرمین نسیم میمن کی طرف سے کراچی میں انٹر کے امتحانات یکم جون سے منعقدکرانے کی درخواست کی گئی جس کی وزیر جامعات نے منظوری دے دی،بورڈ کی طرف سے انٹر کے امتحانات کا تفصیلی شیڈول بعد میں جاری کردیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں