منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کاوشوں سے نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا آغاز

واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں موجود ناکارہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جارہا ہے۔محمد یوسف

بدھ 22 مئی 2024 21:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2024ء) منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کاوشوں سے نیو کراچی ٹاؤن میں ترقیاتی کاموں کا آغاز ۔چیئرمین محمد یوسف نے وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کے ہمراہ سیکٹر 5-B اور سیکٹر 5C-2 نارتھ کراچی کے ڈیوائڈنگ روڈ پر ناکارہ سیوریج لائن کی تبدیلی کے کام کا معائنہ کیا۔اس موقع پرٹاؤن کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے منتخب کردہ نمائندے ہی عوام کے درد کو بہتر طریقے سے سمجھ سکتے ہیںاور عوام کی خدمت کے لئے دن رات کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اہلیان نیو کراچی ٹاؤن کی ہم سے اُمیدیں ہیں اور انشاء اللہ ہم عوام کے بنیادی مسائل کو جلد سے جلد حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں سب سے بڑا مسئلہ ناکارہ اور بوسیدہ سیوریج لائنوں کا ہے ان خستہ لائنوں کی وجہ سے مسلسل گندے پانی کا رساؤ ہوتا ہے اور گندے پانی کہ وجہ سے عوام سخت ذہنی کوفت اور اذیت کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ان عوامی پریشانی کو دیکھتے ہوئے منتخب بلدیاتی نمائندے عوامی خدمات فراہم کرنے وا لے اداروں سے مسلسل رابطے میں ہیں اور اسی سلسلے میںواٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے تعاون سے نیو کراچی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں موجود ناکارہ سیوریج لائنوں کو تبدیل کیا جارہا ہیتاکہ عوام سکون کا سانس لے سکیں ۔واضح رہے کہ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کھلی کچہری میں عوام سے براہ راست اُن کے مسائل سن رہے ہیں اور یونین کمیٹی کی سطح پر مرحلہ وار عوام کے درینہ مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں ۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں