چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر کا ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپ کا دورہ

ہیٹ اسٹروک کی حالیہ لہر میں کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ شہریوں کو بلاتعطل بجلی و پانی فراہم کرے۔سید محمد مظفر

جمعرات 23 مئی 2024 20:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2024ء) گرمی کی شدت اور محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی کے درجہ حرارت میں اضافے اور ہیٹ اسٹروک کے پیش گوئی کے پیش نظر چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفرکی ہدایت پر ناظم آباد ٹاون کے مختلف مقامات پرہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپس قائم کردیئے گئے۔ چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے ناظم آباد ٹاون میں قائم ہیٹ اسٹروک ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، کیمپ پرہیٹ اسٹروک سے بچاو کے لئے فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نعمان صدیقی، ڈائریکٹر سینی ٹیشن ظہیر احمد، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ آصف بیگ، ڈائریکٹر پارکس آصف حسین بھی ان کے ہمراہ تھے، چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے ناظم آباد پیٹرول پمپ پر قائم ریلیف کیمپ پر عوام میں شربت، ستو، ٹھنڈا پانی تقسیم کرنے کے ساتھ گرمی سے متاثر ہ بزرگ کو ابتدائی طبی امداد دینے میں معاونت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے کہا کہ ناظم آباد ٹاون نے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت ٹاون کے مرکزی مقامات پر عوام کو ہیٹ اسٹروک سے بچا کے کیمپس لگائے ہیں،جس میں پیرامیڈیکل اسٹاف، آئس پیکس،، او آر ایس، ڈریپس، تولئے، کیپ، منرل واٹر، ٹھنڈے مشروبات اور گرمی کی شدت سے بچا سے متعلق تمام ضروری اشیا کی موجودگی کو ممکن بنایا گیا ہے۔

جبکہ ریسکیو ڈپارٹمنٹ کا عملہ مسافروں پر مسلسل ٹھنڈے پانی کے چھڑکا میں مصروف ہے تاکہ مسافروں کو گرمی کی حدت سے بچایا جا سکے انہوں نے ہیٹ اسٹروک کیمپ کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ جب تک گرمی کی شدت میں کمی واقع نہ ہو ہیٹ اسٹروک کیمپس باقاعدگی کے ساتھ عوام کو سہولتیں پہنچانے کے لئے قائم رکھے جائیں۔ چیئرمین ناظم آباد ٹاون سید محمد مظفر نے کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ انتظامیہ سے اپیل کی کہ بالخصوص ہیٹ اسٹروک کے موقع پرشہریوں کو بلا تعطل بجلی و پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں تاکہ اسپتالوں، گھروں میں موجود بچے بوڑھوں، خواتین و مرد حضرات کو کسی حد تک سکون میسر آسکے۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں