ظ*صحافی نصراللہ گڈانی کے قاتلوںکوفی الفورگرفتار کیاجائے،سعید سربازی،شعیب احمد

ہفتہ 25 مئی 2024 02:45

ُکراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مئی2024ء) کراچی پریس کلب نے عوامی آواز گھوٹکی کے رپورٹر نصرللہ گڈانی کے قاتلانہ حملے میں شدید زخمی ہونے کے بعد کراچی کے مقامی اسپتال میں وفات پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔جمعہ کو کراچی پریس کلب سے جاری مذمتی بیان میں کراچی پریس کلب کے صدرسعید سربازی،سیکرٹری شعیب احمد ،نائب صدرعبدالرشید میمن اور اراکین مجلس عاملہ نے کہاکہ گھوٹکی سے تعلق رکھنے والے عوامی آواز کے رپورٹر نصراللہ گڈانی ایک بے باک صحافی تھے انہیں سچ لکھنے اور بولنے کی پاداش میں گولیاں مار کر شہید کیا گیاہے اس افسوسناک واقعے کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے کہاکہ ایک صحافی پر فرائض کی ادائیگی کے دوران جس طرح قاتلانہ حملہ کیا گیا یہ اداروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے، کچھ عرصہ قبل سکھر کے صحافی جان محمد مہر کو قتل کرنے والے قاتل آج بھی آزادانہ گھوم رہے ہیں اور ہمارے ادارے اور فورسز ان کو گرفتار کرنے سے قاصر اور بے بس ہیں جس پر نا صرف سندھ بلکہ پورے ملک کی صحافی برادری کو شدید تشویش ہے۔

(جاری ہے)

کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد نے وزیراعلی سندھ، وزیراطلاعات سندھ، وزیرداخلہ سندھ اور آئی جی سندھ سمیت دیگراعلی حکام سے نصراللہ گڈانی کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کرنے اور صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیاہے۔کراچی پریس کلب کے عہدیداروں نے دعا کی کہ اللہ پاک نصراللہ گڈانی کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں۔غم کی اس گھڑی میں ہم نصراللہ گڈانی کے اہل خانہ اورادارے کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔#

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں