ڈاکٹر فاروق ستار کا نادرن بائی پاس مویشی منڈی کا دورہ

کسانوں اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو پورا سال محنت کرکے اس منڈی کو سجاتے ہیں،رہنما ایم کیو ایم

ہفتہ 25 مئی 2024 23:01

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2024ء) ایم کیو ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے نادرن بائی پاس مویشی منڈی کا دورہ کیااورمویشی منڈی کے انتظامات کے ساتھ سیکیوریٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔نادرن بائی پاس مویشی منڈی کے ایڈمنسٹریٹر مظفر حسن خان نے ڈاکٹر فاروق ستار کو خوش آمدید کہا اور مویشی منڈی میں بیوپاریوں اور خریداری کے لیے آنے والوں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مویشی منڈی کراچی کی شناخت اور پہچان ہے، کسانوں اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جو پورا سال محنت کرکے اس منڈی کو سجاتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بحیثیت منتخب نمائندے اور شہری مویشی منڈی کا دورہ کیا اور انتظامیہ کے ساتھ قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے افسران سے سیکوریٹی اقدامات کی تفصیلات معلوم کی ہیں۔

(جاری ہے)

نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں سیکیوریٹی کی صورتحال کافی بہتر ہے۔انہوں نے کہا کہ نادرن بائی پاس مویشی منڈی کھلی اور کشادہ جگہ پر لگائی گئی ہے ایک جانب گڈاپ اور دوسری جانب حب کا علاقہ ہونے کی وجہ سے سمجھا جاتا ہے کہ یہاں جرائم یا چھینا جھپٹی آسان ہے لیکن موثر سیکیوریٹی انتظامات کیو جہ سے یہ ممکن نہیں ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کے شہریوں کی رسائی سے تھوڑا دور لیکن محفوظ ہے پہلے بھی نادرن بائی پاس منڈی کے اندر یا اطراف چھینا جھپٹی کا کوئی واقع نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ اتنے بڑے اچھے کام کو نظر لگانے کے لیے خامیاں نکالی جاتی ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ سے منڈی کی سیکیوریٹی کی تفصیلات لی ہیں۔نادرن بائی پاس منڈی کی سیکیوریٹی کے انتظامات موثر ہیں۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے سیکیوریٹی کو مزید بہتر بنانے کی بات کی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں زیادہ تر قدرتی خوراک پر مویشی پالے گئے ہیں۔

نادرن بائی پاس مویشی منڈی سے چار لاکھ جانور فروخت کیے جائیں گے یہ دنیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی ہے جو بائیس سال سے منعقد کی جارہی ہے اور دو سال سے نادرن بائی پاس پر لگائی جارہی ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں لگنے والے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور منڈی میں لائے جانے والے مختلف اعلی نسلوں کے مویشیوں کی صحت اور معیار پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں