احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے کو تیار

ویب پاکستانی ڈرامے جیسی ہوگی‘ثقافت کو پیش کیا جائیگا :احسن خان ،انٹرویو

ہفتہ 23 فروری 2019 19:56

احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ ویب سیریز میں کام کرنے کو تیار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2019ء) سوشل میڈیا کے دور میں ٹیلی ویڑن ڈراموں کے بعد ویب سیریز کا بڑھتا رجحان پاکستان اداکاروں کو بھی اپنی جانب متوجہ کررہا ہے اور اب اداکار احسن خان اور اداکارہ عائزہ خان بھی اس کا حصہ بننے جارہے ہیں،یہ دونوں اداکار ڈراموں کیساتھ ساتھ اب ایک ساتھی ویب سیریز میں بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔

ہفتہ کوایک انٹرویو میں احسن خان کا کہنا تھا کہ یہ ویب سیریز ذی چینل کے لیے ہے جس میں سمیعہ ممتاز ، قوی خان اور سہیل احمد بھی کام کرتے نظر آئیں گے۔احسن خان نے کہا کہ ایک بہترین ٹیم اس ویب سیریز پر کام کررہی ہے جبکہ ہدایت کار بھی کافی قابل ہیں ۔اداکار نے تصدیق کی کہ یہ ویب سیریز پاکستانی ڈرامے جیسی ہی ہوگی، تاہم اب تک اس کا نام فائنل نہیں کیا گیا۔

(جاری ہے)

اداکار نے مزید کہا کہ یہ ایک ویب سیریز ہے لیکن ہوگی ڈرامے کی طرح ہی، جس میں ہماری ثقافت کو پیش کیا جائیگا ۔ویب سیریز کی کہانی سے متعلق اداکار نے بتایا کہ ویب سیریز کی کہانی جاگیردارانہ پس منظر پر مبنی ہے، جیسے جب آپ کسی جگہ پر سب سے بڑے ہوں اور آپ کے پاس بیحد جائیداد بھی ہو‘تاہم کوئی اور اس کی جائیداد اور نام حاصل کرنا چاہتا ہو، ڈرامے میں خاندانی جھگڑوں کو دکھایا جائیگا ۔

انہوں نے کہا کہ کہانی خاندانی سیاست پر مبنی ہے، کیسے کوئی مستحق لوگوں کی مدد کرنا چاہتا ہو لیکن چند لوگ اس کے راستے کی دیوار بن جائیں، کہانی بیحد دلچسپ ہے، اسے بہت بہترین انداز میں تحریر کیا گیا ہے جو پاکستانی ثقافت کو پیش کرے گا ۔احسن خان کے مطابق یہ ہمارے ڈراموں کی طرح ہی ہوگا جنہیں دنیا بھر میں لوگ دیکھنا چاہتے ہیں، دنیا بھر کے لوگ پاکستانی ڈراموں کو پسند کرتے ہیں اور امید ہے کہ ویب سیریز کے ذریعے لوگ پاکستانی ثقافت کو دیکھ پائیں گے ۔ویب سیریز رواں سال مارچ میں ریلیز ہوگی۔واضح رہے کہ اس سے قبل احسن خان اور عائزہ خان ایک ساتھ جیو ٹی وی کے ڈرامے ’میرا پیار ہے تو‘ میں کام کرچکے ہیں جو 2013 میں ریلیز ہوا تھا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں