انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ایسے دور میں داخل ہوگئی جہاں اداکاروں کے درمیان عمر کا فرق مسئلہ بن گیا ہے،فیصل قریشی

میرے ساتھ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی بہت سی اداکارائوں نے شادی کرلی ،اب وہ بچوں کی پرورش میں وقت لگا رہی ہیں، انٹرویو

منگل 7 دسمبر 2021 23:04

انٹرٹینمنٹ انڈسٹری ایسے دور میں داخل ہوگئی جہاں اداکاروں کے درمیان عمر کا فرق مسئلہ بن گیا ہے،فیصل قریشی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار فیصل قریشی نے چھوٹی عمر کی ساتھی اداکاراوں کے ساتھ کام کرنے کی وجہ بتادی۔فیصل قریشی نے برطانوی میڈیا کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری اب ایک ایسے دور میں داخل ہوگئی ہے جہاں اداکاروں کے درمیان عمر کا فرق بھی ایک مسئلہ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ اداکاری کی دنیا میں قدم رکھنے والی بہت سی اداکارائوں نے شادی کرلی ہے اوراب وہ اپنے بچوں کی پرورش میں وقت لگا رہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ وہ حال ہی میں سنیتا مارشل کے ساتھ کام کر رہے تھے تو انہوں نے ہمیشہ سنیتاکوسیٹ پر اپنے بچوں کے بارے میں فکر مند پایا۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ شائستہ لودھی کے ساتھ کام کررہے تھے، توانہیں بھی اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنے میں دشواری کا سامنا تھا کیونکہ ان کے ذہن میں بھی ہمیشہ اپنے بچوں کا خیال رہتا تھا۔

(جاری ہے)

فیصل قریشی نے بتایا کہ انہوں نے سویرہ ندیم کے ساتھ بھی کام کیا۔ وہ کیمرے کے سامنے ہوتے ہوئے بھی اپنے بچوں پر نظر رکھتیں اور اپنے بچوں کی آیا کو فون پر ان کے بارے میں ہدایات بھی دیتیں۔انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لیے یہ ہمیشہ مشکل ہوتا ہے کیونکہ ان پر گھر کی ذمہ داریاں زیادہ ہوتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہم گھر چلاتے ہیں لیکن دراصل یہ کام خواتین کرتی ہیں، وہ بیک وقت گھر اور کام کر سکتی ہیں۔فیصل قریشی نے کہاکہ اقراعزیز کے ہاںجب سے کبیر کی پیدائش ہوئی ہے تب سے وہ کام سے پیچھے ہٹ گئی ہیں کیونکہ وہ اپنے بچے کی پرورش پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتیں۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں