دنیا نومولود بچوں کو بچانے میں ناکام ہورہی ہے، یونیسف

پاکستان میں ہر 22میں سے ایک بچہ ایک ماہ کی عمر کو پہنچنے سے قبل ہی دنیا سے چلا جاتا ہے،رپورٹ

پیر 26 فروری 2018 15:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2018ء) یونیسف نے کہاہے کہ دنیا نومولود بچوں کو بچانے میں ناکام ہورہی ہے ، یونیسف نے اپنی تازہ رپورٹ میں بچوں کی شرح اموات کے لحاظ سے پاکستان کو بدترین ملک قرار دے دیا ہے، جہاں 2016 میں دو لاکھ 48 ہزار بچے ایک ماہ کی عمر تک بھی نہیں پہنچ سکے ۔یونیسف کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں روزانہ 7 ہزار نومولود بچے موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق یہ تعداد سالانہ 26 لاکھ تک جا پہنچتی ہے، جن میں پیدائش کے پہلے ہی روز زندگی کی بازی ہارنے والے دس لاکھ بچے بھی شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق پاکستان، افغانستان اور افریقہ کے وسطی ممالک دنیا کے بدترین ممالک میں نوزائیدہ بچوں کے زندہ رہنے کے امکانات سب سے کم ہیں ۔پاکستان میں ہر 22میں سے ایک بچہ ایک ماہ کی عمر کو پہنچنے سے قبل ہی دنیا سے چلا جاتا ہے، یہاں دو ہزار سولہ کے دوران کل دو لاکھ اڑتالیس ہزار بچے زندگی سے محروم ہوئے ۔

رپورٹ کے مطابق جاپان، سنگاپور اور آئس لینڈ میں صورتحال انتہائی بہتر ہے ، جہاں نومولود بچوں کی شرح اموات کافی کم ہے ۔یونیسف کے مطابق بچوں کی اموات کی ایک بڑی وجہ طبی سہولیات کا فقدان ہے ، لیکن اس شرح میں کچھ بنیادی اقدامات کرکے کمی کی جاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں