زینب کے ساتھ ہونیوالے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے،ملک رشیداحمدخاں

ہفتہ 13 جنوری 2018 13:38

قصور۔13جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2018ء)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رکن قومی اسمبلی ملک رشیداحمدخاں نے کہا ہے کہ معصوم زینب کے ساتھ ہونیوالے واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔زینب کے سفاک قاتل سمیت گزشتہ 11واقعات کے ملزمان کو بہت جلد کٹہرے میں لایاجائے گا۔ اس میں کوتاہی کے مرتکب پولیس افسران کو ہر گزبرداشت نہیں کیاجائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے معصوم زینب کے گھراسکے والدین سے اظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیاکے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ایک سال کے دوران 12اغواء و قتل کے انتہائی دلخراش واقعات کے ملزمان کی عدم گرفتاری سے ایسے درندہ صفت انسانوں کو حوصلے بلندہوتے ہیں مگر اب تمام ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنایاجائے گا کیونکہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف جس طرح ملزمان کی گرفتاری کیلئے خود نگرانی کررہے ہیں وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔

(جاری ہے)

ڈی پی اوقصور ذوالفقاراحمد کی تبدیلی نے ثابت کردیاہے کہ اپنی ڈیوٹی میں کوتاہی کے مرتکب کسی بھی افسرکی پنجاب میں کوئی جگہ نہ ہے‘وزیراعلیٰ پنجاب کا معصوم زینب کے گھرجاکرلواحقین سے اظہارتعزیت اوراحتجاج کے دوران شہیدہونیوالوں کی مالی امدادکرنا ان کے غم میں برابر کاشریک ہونا ہے کیونکہ کوئی بھی معاوضہ انسان کا نعم البدل نہیں ہوسکتا مگر شہید ہونے والوں کے بچوں کو بے یارومددگارنہیں چھوڑاجاسکتا۔

انہوں نے مزیدکہاکہ مسلم لیگ(ن) نے کبھی بھی نعشوں پر سیاست نہیں کی مگرعوام کے مستردکئے ہوئے لوگ نعشوں پر سیاست کررہے ہیں مگرقصورکی عوام باشعورہے ایسے مفادپرست سیاستدانوں کو پہچانتی ہے۔ملک رشیدنے نہتے نوجوانوں کوگولیوں کا نشانہ بنانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ انکا خون رائیگاں نہیں جائے گا جس مقصد کیلئے وہ احتجاج کے دوران شہیدہوئے۔معصوم زینب کے متاثرہ خاندان کو انصاف ملتاہوانظرآئیگا‘شہیدوںکے خون میں ہاتھ رنگنے والوں کو بھی معاف نہیں کیاجائے گا۔ اس موقع پر انکے ہمراہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک احمدسعیدخاںبھی موجودتھے۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں