بچے ہمار ا مستقبل ہیں، انکا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،ڈپٹی کمشنر قصور

بدھ 16 جنوری 2019 20:12

قصور۔16 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر قصور صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا ہے کہ بچے ہمار ا مستقبل ہیں، انکا تحفظ معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے،حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق بچوں کے حقوق کے تحفظ اور والدین میں آگاہی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل میونسپل کمیٹی ہال قصور میں چائلڈ پروٹیکشن بیور و اور گود آرگنائزیشن کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بعدازاں آگاہی واک کا بھی انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کی ، اے ڈی سی جی رانا شہزاد ، ڈسٹرکٹ انچارج چائلڈ پروٹیکشن یونٹ زرتاب خاں، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد اکبر رضا ،گود کے چیف ایگزیکٹو نذیر غازی ، پراجیکٹ مینجر حنا ارشد سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، شرکاء نے دفتر میونسپل کمیٹی سے مسجد نور تک مارچ کیا جبکہ شہریوں میں آگاہی کے حوالے سے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر صاحبزادی وسیمہ عمر نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کو ڈانٹ ڈپٹ کی بجائے دوستانہ ماحول فراہم کریں، ان کے ساتھ روز مرہ امور کے حوالے سے بات چیت کریں اور اگر بچہ انکے ساتھ اپنے ساتھ پیش آنیوالا کوئی واقعہ بیان کرے تو اسے تحمل سے سنیں۔ انہوںنے کہا کہ سکولوں کے طلبہ و طالبات میں آگاہی کے حوالے سے جامع پروگرام کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، سکولوں میں زیرو پیریڈ میں اساتذہ کرام طلبہ و طالبات کو آگاہی فراہم کریں گے جبکہ اس سے قبل ٹیچرز کی تربیت کیلئے سیمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔

انہوںنے والدین اور شہریوں سے کہا کہ کسی بھی بچے کو لاوارث ، آوارہ گھومتے ، چائلڈ لیبر کرتے پائیں تو فوری طور پر ریسکیو1121پر کال کرکے اطلاع دی جائے ، ایسے بچوں کو تحویل میں لیکر تحفظ بھی فراہم کیا جائے گا اور مستقبل میں انکے ساتھ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں