عظیم شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا92واں یوم پیدائش ہفتہ منایا گیا

ہفتہ 15 جون 2019 20:19

جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2019ء) اردو ادب کے عظیم شاعر و مزاح نگار ابن انشاء کا92واں یوم پیدائش 15جون بروز ہفتہ منایا گیااس سلسلے میں جہانیاں سمیت ملک بھر کے ادبی حلقوں میں مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیاجس میں ابن انشاء کی ادبی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ابن انشاء جن کا اصل نام شیر محمد خان تھا 15جون 1927ء کو جالندھر میں پیدا ہوئے وہ اپنی ذات میں ایک انجمن تھے وہ بیک وقت صحافی،شاعر،افسانہ نگار،کالم نگار اور سفر نامہ نگارتھے انہیں ان کی معروف غزل ’’ انشاء جی اٹھو اب کوچ کرو ‘‘ نے شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔

ابن انشاء ملک کے معروف اخبارات و جرائد میںکالم لکھتے رہے ہیں بطور شاعر ان کے متعدد مجموعے ’’ دل وحشی ‘‘ ’’ چاند نگر ‘‘ اور ’’ اس بستی کے کوچے میں ‘‘ شائع ہو چکے ہیں ابن انشاء نے یونیسکو کے مشیر کی حیثیت سے مختلف یورپی و ایشیائی ممالک کے تفصیلی دورے کیے جن کے احوال انہوں نے اپنے سفرناموں ’’ ابن بطوطہ کے تعاقب میں ‘‘چلتے ہو تو چین کو چلیے ‘‘ ’’ دنیا گول ہے ‘‘ ’’ نگری نگری پھرا مسافر ‘‘ اور ’’ آوارہ گرد کی ڈائری ‘‘ میں اپنے مخصوص طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں تحریر کیا۔

(جاری ہے)

ابن انشاء کے کالموں اور خطوط کے مجموعوں پر مشتمل کتب ’’ خمار گندم ‘‘ ’’ اردو کی آخری کتاب ‘‘ اور ’’ خط انشاء جی کے ‘‘ قارئین میں بے پناہ پزیرائی حاصل کر چکی ہیں۔ابن انشاء 11 جنوری 1978ء کو لندن میں انتقال کر گئے انہیں کراچی میں دفن کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

خانیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں