کھاریاں کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ،گاڑی میں موجود تمام افراد بری طرح جھلس گئے

ہفتہ 2 دسمبر 2017 20:29

کھاریاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2017ء) کھاریاں کے قریب خوفناک ٹریفک حادثہ، گاڑی میں موجود تمام افراد بری طرح جھلس گئے ، لاشیں ناقابل شناخت۔ راولپنڈی سے لاہور کی طر ف جانے والا کیری ڈبہ کھاریا ں پبی کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر آگے جاتے ہوئے بجری سے بھرے مزدا ٹرک سے ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور کیری ڈبہ میں موجود تمام افراد جل کر کوئلہ ہو گئے ۔

ریسکیو 1122، ایدھی اور پولیس کے اہلکاروں نے ڈیڑھ گھنٹے کی محنت کے بعد کیری ڈبہ کو ٹرک کے نیچے سے نکالا اور لاشوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ واضح رہے کہ صرف 2 افراد کی جھلسی ہوئی ناقابل شناخت لاشیں کلیئر ہو سکی ہیں ۔ متاثرہ گاڑی سے لیڈیز ڈریس بھی برآمد ہوئے ہیں جس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس میں ایک یا ایک سے زائد خواتین بھی سوار تھیں۔

(جاری ہے)

حادثہ اس قدر خوفناک تھا کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ تک جل گئی جس کی وجہ سے اس کی شناخت بھی ممکن نہیں رہی۔ حادثہ کے موقع پر چشم دید گواہان کے کال کرنے کے باوجود چار کلومیٹر کے فاصلہ پر موجود فائر بریگیڈ پنتالیس منٹ بعد جائے حادثہ پر پہنچی تب تک سب کچھ جل کرراکھ ہو چکا تھا۔ ایک عینی شاہد نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایاکہ ہم نے فی الفور ریسکیو 1122 ،پولیس اور فائربریگیڈ کو کال کی لیکن فائر بریگیڈ کی گاڑی پون گھنٹے کے بعد پہنچی۔

کھاریاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں