کھیوڑہ میں آئیسکو کے ٹرانسفارمر نے صارفین کو ذلیل کر دیا

Umer Jamshaid عمر جمشید ہفتہ 22 اگست 2015 11:31

کھیوڑہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اگست۔2015ء) کھیوڑہ میں آئیسکو کے ٹرانسفارمر نے صارفین کو ذلیل کر دیا، ٹرانسفارمر بلا ناغہ خراب ، افسران بالا مدہوش، عملہ بے بس۔تفصیلات کے مطابق کھیوڑہ کے محلہ سردھی کے بجلی کے صارفین نے شکایت کی ہے کہ محلہ کریم پورہ میں مدینہ مارکیٹ کے سامنے نصب ٹرانسفارمر بلا ناغہ ایک مرتبہ ضرور خراب ہوتا ہے۔

اہلِ محلہ کی شکایت ہے کہ یہ معمول کی بات ہے کہ اس ٹرانسفارمر سے نکلنے والے تین فیس(Phase) میں سے کوئی ایک فیس ضرور ہر روز خراب ہوتا ہے۔ اور یہ خرابی دن ہو یا رات تین سے چھ گھنٹہ ضرور برقرار رہتی ہے۔جس کی وجہ سے خراب تار سے بجلی حاصل کرنے والے صارفین قیامت خیز گرمی میں نہایت پریشان ہو جاتے ہیں۔ شہریوں کا قیاس ہے کہ ٹرانسفارمر خراب ہونے کی ایک وجہ تو یہ ہے کہ یہاں پرانا مرمت شدہ ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا اور دوسری وجہ اس ٹرانسفارمرپر لوڈ بہت زیادہ ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

جس وجہ سے ہر روز اس کا کوئی نہ کوئی فیوز جل جاتا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات کے باوجود بجلی کی کمپنی کے اہل کار خرابی کا مستقل مداوا نہیں کر رہے ہیں۔ ان کا آئیسکو کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ ہے کہ اس جگہ پرایک نیا ٹرانسفارمر نصب کر کے لوڈ کم کیا جائے تاکہ صارفین کو بجلی منقطع ہونے کے عذاب سے نجات مل سکے۔

کھیوڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں