سب ڈویژن پنڈ دادن خان کی یونین کونسل گول پور مسائل کی آماجگاہ بن گئی

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 1 ستمبر 2015 11:33

کھیوڑہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ یکم اپریل۔2015ء) سب ڈویژن پنڈ دادن خان کی یونین کونسل گول پور مسائل کی آماجگاہ بن گئی۔ حکومت یونین کونسل گول پورکے گھمبیر مسائل حل کرے۔ اہلیانِ یونین کونسل۔ تفصیلات کے مطابق یونین کونسل گول پور کے رہائشی ممتاز سیاسی اور سماجی کارکنان سابق کونسلر محمد افضل سکنہ گول پور اور ملک سکندر سلطان سکنہ چوران نے حکومتِ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل گول پور کے سنگین مسائل کی جانب توجہ مبذول کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ موضع گول پوریونین کونسل کا ہیڈ کوارٹر ہے ۔ اس یونین کونسل میں کوڑا ، چوران ، ڈھوک وینس اور ڈالمیا کے دیہات شامل ہیں۔ اس یونین کونسل کے رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد تقریباً 3400 ہے۔ مگر اس یونین کونسل کے مسائل انتہائی گھمبیر ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

سماجی کارکنان کا کہنا تھا کہ گاؤں کی پسماندگی کا عالم یہ ہے کہ موضع گول پور کی مرکزی سڑک پر سولنگ نہیں ہے اور یہ کچی سڑک ہے۔

اس گزر گاہ پر اس قدر کیچڑ ہے اور اتنے زیادہ جنگلی کیکر اگے ہوئے ہیں کہ اس راستہ پر سے گاڑی تو کجا پیدل انسان بھی نہیں گزر سکتا ۔مذید بر آں پوری یونین کونسل میں قدرتی گیس بھی موجود نہیں ہے۔اس کے علاوہ انھوں نے بیان کیا کہ پوری یونین کونسل میں فقط ایک ہی بوائز ہائی اسکول ہے جو کہ گول پور گاؤں میں ہے اس اسکول میں آج سے پانچ برس قبل کمپیوٹر لیب تو بنا دی گئی تھی تاہم کمپیوٹر کی تعلیم دینے والے استاد کا آج تک تقرر نہیں ہو سکا ہے۔

اس وجہ سے نہ صرف لیب کا قیمتی سامان تباہ ہو رہا ہے بلکہ علاقہ کے سیکڑوں طلبأکا مستقبل بھی تاریک ہو رہا ہے۔محمد افضل اور سکندر سلطان نے دعویٰ کیا کہ گول پور کے والی بال کے کھلاڑی اپنی کارکردگی میں شہرہٴ آفاق تھے مگر ساری یونین کونسل میں کوئی ایک بھی کھیل کا میدان نہ ہونے کے باعث کھلاڑیوں کی صلاحیتیں ضائع ہوگئیں ہیں۔ دونوں راہ نماؤں نے تحصیل انتظامیہ کے علاوہ حکومتِ پنجاب سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ یونین کونسل گول پور کی جانب توجہ مبذول کر کے اس علاقہ کے جائز مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔

کھیوڑہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں