ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی نے نیورو سرجری سے متعلق مریضوں کے آپریشن کرنا شروع کردئیے

اتوار 6 جون 2021 17:05

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2021ء) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سردار نصراللہ خان کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کوٹلی نے سرجری کے شعبہ میں بڑا سنگ میل عبور کرتے ہوئے نیورو سرجری سے متعلق مریضوں کے آپریشن کرنا بھی شروع کردیے۔ گزشتہ روز نکیال سے تعلق رکھنے والے چار سالہ بچے کا کامیاب آپریشن کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم ایس ڈاکٹر سردار نصراللہ خان نے میڈیا کو بتایا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہاں اچھی طبی سہولیات کے باعث ضلع بھر کے علاوہ سدھنوتی اور ہجیرہ سے بھی مریض علاج معالجے کے لئے آتے ہیں،میں ایک بڑی پیش رفت کے طور پر اب نیوروسرجری بھی شروع ہوگئی ہے گزشتہ روز پہلا آپریشن نکیال سے تعلق رکھنے والے چار سالہ بچے کی‘‘ہنس’’کی ہڈی کا مشہور سرجن ڈاکٹر عبدالغفور نے کامیاب آپریشن کیا۔

انہوں نے کہا کہ قبل ازیں نیوروسرجری کے مریضوں کو راولپنڈی اسلام آباد کے ہسپتالوں سے علاج کروانا پڑتا تھا۔ اور اب ہماری درخواست پر ڈاکٹر عبدالغفور جو سعودی عرب میں خدمات سرانجام دے رہے تھے ڈی ایچ کیو میں شعبہ نیوروسرجری کی سربراہی کریں گے۔ ضلع کے شہری حلقوں نے ڈی ایچ کیو میں نئے سہولیات کا خیرمقدم کیا ہے اور ڈاکٹر سردار نصراللہ خان کی خدمات کو سراہا ہے۔

کوٹلی میں شائع ہونے والی مزید خبریں