فیکٹری ورکر کو فون پر معاشقہ مہنگا پڑگیا

خاتون نے ملنے کیلئے گھر بلایا‘ برہنہ کرکے ویڈیو بنائی اور بلیک میلنگ سے ڈیڑھ لاکھ روپے ہتھیالیے

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 13 اکتوبر 2023 12:46

فیکٹری ورکر کو فون پر معاشقہ مہنگا پڑگیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 اکتوبر 2023ء ) صوبہ پنجاب میں لاہور کے نواحی علاقہ چونیاں میں ایک فیکٹری ورکر کو فون پر معاشقہ انتہائی مہنگا پڑگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ چونیاں کے قریبی علاقے الہ آباد میں پیش آیا جہاں کا رہائشی ایک فیکٹری ورکر اس وقت ہنی ٹریپ کا شکار ہوا جب گلشن اقبال کالونی میں فیکٹری ملازم رشید کو ایک خاتون نے فون پر دوستی کا جھانسہ دیا اور پھر ملاقات کے لیے اسے اپنے گھر بلالیا۔

پولیس نے واقعے کی تفصیل میں بتایا کہ جب رشید اس خاتون کے گھر پہنچا تو وہاں پہلے سے موجود خاتون اور اس کے ساتھی ملزمان نے پہلے تو اسے تشدد کا نشانہ بنایا اس کے بعد فیکٹری ورکر کو برہنہ کیا اور اس کی ویڈیو بنالی، جس کے بعد ملزمان کی جانب سے رشید کو بلیک میل کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کے ذرہعے وہ اس سے ڈیڑھ لاکھ روپے ہتھیانے میں کامیاب ہوگئے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ پولیس نے متاثرہ شخص رشید کی مدعیت میں 8 نامزد اور 3 نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ دوسری طرف کراچی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دوستی کا جھانسہ دے کر اغوا برائے تاوان میں ملوث ایک خاتون کو گرفتارکرکے مغوی ریاض علی کو بازیاب کرالیا، جس کے خلاف امزر خان نامی شہری کی مدعیت میں تھانہ سعید آباد میں ریاض علی کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ملزمان نے مغوی کی رہائی کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا جب کہ عورت کے ساتھ شامل دیگر 4 اغوا کاروں کو پولیس سرگرمی سے تلاش کر رہی ہے۔

ملزمہ نے ابتدائی تفتیش میں دوستی کا جھانسہ دیکر ریاض علی کو بلانے اور بعدازاں اغوا کی واردات انجام دینے کا اعتراف کیا، ملزمہ نے مزید انکشاف کیا کہ وہ موبائل فون پر دوستی کا جھانسہ دینے کے بعد مختلف کرائے کی جگہوں پر لوگوں کو بلواتی تھی جہاں مکان میں پہلے سے ہی موجود گروہ کے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اغواء کی واردات انجام دیتی تھی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں