ملک کے اقتصادی حالات اور زوال پذیر معیشت کی بہتری کیلئے اقدامات کیے جائیں‘شہباز اسلم

مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے صنعتی شعبہ کو ریلیف اور اس کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے‘فیروز پور روڈ انڈسٹریل اسٹیٹس

جمعرات 17 اکتوبر 2019 15:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) تاجر رہنما و ممبر لاہور چیمبرز آف کامرس وانڈسٹری سابق وائس چیئرمین فرایا شہباز اسلم نے کہا ہے کہ ملک کے اقتصادی حالات اور زوال پذیر معیشت کی بہتری کیلئے فی الفور اقدامات کیے جائیں ،آئی ایم ایف سے قرضوں کے عوض ان کی شرائط پر عملدرآمد کرتے ہوئے بجلی گیس کی قیمتوں میں اضافہ اور ٹیکسوں کے باعث ملک میں ہوشربا مہنگائی نے جنم لیا جس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ،عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف) کی پاکستان کی شرح ترقی، مہنگائی برقر ار رہنے اور بے روزگاری میں اضافہ کی رپورٹ انہتائی تشویشناک ہے جس کے مطابق پاکستان کی اصل جی ڈی پی مالی سال2018میں 5.5 فیصد تھی جو مالی سال2019میں کم ہوکر 3.3فیصد پر آگئی ہے ۔

اور آنے والے سالوں میں اس میں مزید کم ہوکر 2.4فیصد رہے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے فائونڈ ر چیئرمین عدنان بٹ،ارشد بیگ،تنویر احمد،حقیق احمد،شاہد بیگ اور دیگر صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز اسلم نے کہا کہ لوگوں کو ترقی کے اعداد و شمار سے زیادہ دو وقت کی روٹی کی ضرورت ہے جو انکا بنیادی حق ہے لوگوں کو ترقی کے اعدادو شمار کی بجائے حکومتی ترجمان بڑھتی ہوئی ہوشربا مہنگائی کو کنٹرول کریں جس سے ہر طبقہ متاثر ہورہا ہے۔

برآمدات مایوس کن طور پر کم ہورہی ہیں حقیقی صورتحال یہ ہے کہ لاہور فیصل آباد سمیت ملک بھر میں کارخانوں کی بندش سے ہزاروں مزدور بے روزگاری کا شکار ہیں۔عوام کو فیکٹریاں دوبارہ چلنے کی خوشخبری سنانے والے یہ بھول گئے ہیں کہ جن کی وجہ سے معیشت چل رہی ہے وہ تو کام چھوڑ کر سڑکوں پر احتجاج کررہے ہیں ۔مارکیٹیں سنسان اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہورہی ہیں۔اس لیے تاجر وں کے مطالبات تسلیم کیے جائیں نیز مہنگائی کنٹرول کرنے کیلئے صنعتی شعبہ کو ریلیف اور اس کی پیداواری لاگت میں کمی لائی جائے تاکہ مہنگائی کو کنٹرول کیا جاسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں