صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت اجلاس،پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پالیسی 2024 کی منظوری دی گئی

جمعہ 19 اپریل 2024 18:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقدہوا،جس میں پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پالیسی2024 کی منظوری دی گئی،کابینہ کی منظوری کے بعد پالیسی نافذالعمل ہو گی،پنجاب سکل ڈویلپمنٹ پالیسی کے تحت آئندہ 5 سال کے اہداف طے کر دیئے گئے،پالیسی کے تحت 3 سکل ٹیکنالوجی پارک بنیں گے جبکہ 20 اداروں کوسینٹر آف ایکسیلنس بنایا جائے گا،فنی تعلیم کے اداروں کی لیبز کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا،کورسز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سی بی ٹی اے پر منتقل کیا جائے گا،سالانہ 5 لاکھ نوجوانوں کو ہنرمند بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرکے با اختیار کریں گے،معیاری فنی تعلیم کا فروغ اور اداروں کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالنا میرا مشن ہے،ٹیکنیکل ایجوکیشن کی یونیورسٹیوں اوراداروں کو ٹیکنالوجی کے فروغ کے حقیقی مراکز بنائیں گے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے ہدایت کی کہ اداروں میں طلبا اور سٹاف کی بائیو میٹرک حاضری کا نظام جلد لاگو کیا جائے اور ٹیکنیکل یونیورسٹیوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے۔

اجلاس میں چکوال کے علاقے میں سیمنٹ پلانٹ پراجیکٹ میں 350 ملین ڈالر کی براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے ایشو کا جائزہ لیا گیا۔جی ٹی ٹی آئی قصور کیلئے زمین کے حصول اورٹیکنکل یونیورسٹیوں کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،ایڈیشنل سیکرٹری کامرس،سی او او ٹیوٹا، ڈی جی پی ایس ڈی اے، سینئر اکنامک ایڈوائزر اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں