پاکستان مواقع سے مالامال اور مزید مضبوط ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، سفیر نیدرلینڈز

جمعہ 26 اپریل 2024 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) نیدرلینڈز کی سفیر ہینی ڈی ورائزنے کہا ہے کہ پاکستان مواقع سے مالامال اور مزید مضبوط ہونے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، خواتین ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے بھی اس موقع پر خطاب کیا ۔

نیدرلینڈ کی اعزازی قونصل عاصمہ حامد، لاہور چیمبر کے ایگزیکٹو کمیٹی ممبران فریحہ یونس، راجہ حسن اختر، حکیم محمد عثمان اور ڈاکٹر شاہد رضا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ نیدرلینڈز سفیرنے کہا کہ نیدرلینڈز زراعت اور واٹرمینجمنٹ میں بہت مستحکم ہے، پنجاب زراعت کے شعبے میں بھی بہت مضبوط ہے اور یہی وجہ ہے کہ دودھ، انڈے کی پروسیسنگ اور آئی ٹی شعبوں میں ہمارے بہت سے منصوبے پنجاب میں ہیں۔

(جاری ہے)

سفیر نے کہا کہ پنجاب پولٹری میں بھی متاثر کن کام کر رہا ہے اور یہ شعبہ بہت وسیع ہے۔جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ یورپی یونین کے انتخابات کے بعد جی ایس پی پلس پر دوبارہ بات ہوگی، جی ایس پی پلس نے ٹیکسوں میں رعایات کی مد میں900 ملین یورو دیئے ہیں جو بہت بڑی رقم ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل سیکٹر بھی اچھا کام کر رہا ہے اور زیادہ تر ٹیکسٹائل یورپی یونین کے ذریعے نیدرلینڈز جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی اچھا کام کر رہا ہے ،خواتین آبادی کا نصف سے زائد اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے کہا کہ نیدرلینڈز یورپین یونین کی بڑی معیشت اور پاکستان کے لیے بہت اہم ہے جس کی عالمی برآمدات کا حجم 936ارب ڈالر اور درآمدات کا حجم 840ارب ڈالر سے زائد ہے۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی سٹیٹس کے حوالے سے مسلسل حمایت پر پاکستان نیدر لینڈز کا شکر گزار ہے، یورپ میں برطانیہ کے بعد نیدرلینڈز پاکستان کے لیے دوسری بڑی برآمدی منڈی ہے ۔لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت مضبوط خطوط پر استوار ہے جسے پانچ ارب ڈالر تک بڑھانے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیدرلینڈز کو پاکستانی برآمدات میں زیادہ تر ٹیکسٹائل مصنوعات شامل ہیں، پاکستانی چاول، فارماسیوٹیکل، آلات جراحی اور سپورٹس گڈز کے شعبوں میں بھی نیدرلینڈز کو برآمدات بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور نیدرلینڈز کے درمیان سیاسی مشاورت کا 10واں دور گزشتہ سال منعقد ہوا تھا جس میں دونوں ممالک نے سیاسی، اقتصادی، تجارتی ،سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی ، ڈیری، لائیوسٹاک اور زراعت سمیت مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نیدرلینڈ سے زراعت، پراسیسڈ فوڈ، ڈیری، میکانائزڈ فارمنگ اور ہارٹیکلچر کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے ذریعے ٹیکنالوجی کی منتقلی سے بھی فائدہ اٹھا سکتا ہے جس سے پیداوار اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں