یو ای ٹی میں سٹیم مقابلہ جات کا انعقاد

منگل 23 اکتوبر 2018 18:02

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں سٹیم(سائنس،ٹیکنالوجی،انجینئرنگ،ریاضی)مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا، سٹیم مقابلوں میں یو ای ٹی لاہور کے تمام شعبہ جات کے ساتھ ساتھ اس کے سب کیمپسز، جس میں یو ای ٹی فیصل آباد، یو ای ٹی نارووال، یو ای ٹی کالا شاہ کاکو اور رچنا کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی شامل ہیں نے بھی بھر پور شرکت کی، ڈین فیکلٹی آف سول انجینئرنگ پروفیسر ڈاکٹر عبدالستار شاکر نے سٹیم مقابلوں کی تقریب کا افتتاح کیا، انہوں نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے سٹیم مقابلہ جات کا انعقاد بہت حوصلہ افزاء ہے، اس طرح کے مقابلوں سے طلبہ میں نئی ایجادات کرنے کے حوالے سے نا صرف شوق پیدا ہوتا ہے بلکہ یہ طلبہ میں تنقیدی سوچ،خودکار طریقے سے کام کرنے اور آپس میں تعاون کو فروغ دیتے ہیں،آج کے اس مقابلے میں بھی بہت سارے پراجیکٹ ایسے ہیں جن پر توجہ دی جائے تو مستقبل میں ملک کی ترقی کے حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، سٹیم مقابلے کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر شاہد، ڈائریکٹر امور طلباء پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے تقریب میںشرکت کی، سٹیم مقابلہ جات ہر سال سائنس اور ٹیکنالوجی کے طلبہ کی صلاحیتوں کو ابھارنے کیلئے منعقد کئے جاتے ہیں، ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے یہ مقابلہ جات پہلے یونیورسٹی کی سطح پر اور پھر بین الیونیورسٹی سطح پر کروائے جاتے ہیں ، جس کے تحت پہلے تین درجات حاصل کرنے والے طلبہ میں انعامات تقسیم کئے جاتے ہیں، رواں سال بھی طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے پہلی ،دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ میں بالترتیب تیس ہزار، بیس ہزار اور دس ہزار روپے کے کیش انعامات دینے کا اعلان کیا گیا ہے، مقابلے میں مختلف سکول کے بچوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں