پنجاب پولیس کی5سب انسپکٹرز کا شاندار کارنامہ، سی ایس ایس میں کامیابی حاصل کرلی

آئی جی پنجاب نے ہونہار سب انسپکٹرز کو اعزازی شیلڈز سے نوازا، اہلخانہ کو بھی مبارک باد دی

ہفتہ 11 مئی 2024 01:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی ایس ایس امتحان میں کامیابی حاصل کرنے والے پنجاب پولیس کے 05 ہونہارسب انسپکٹرز کی بھرپور عزت افزائی کی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے سی ایس ایس کوالیفائی کرنے والے 05 سب انسپکٹرز کو اہل خانہ کے ساتھ دفتر مدعو کیا، بھرپور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اعزازی شیلڈز سے نوازا، سب انسپکٹرز کے اہلخانہ کو بھی خصوصی مبارک باد دی۔

سب انسپکٹرز محمد بلال چانڈیہ، اویس ارشد، محمد سلال، احمد حفیظ اور لیڈی سب انسپکٹر اُم البنین سی ایس ایس کامیاب کرنے والے پولیس افسران میں شامل ہیں، پانچوں سب انسپکٹرز کا انتخاب ان لینڈ سروسز (انکم ٹیکس) گروپ میں ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ پنجاب پولیس کے 05سب انسپکٹرز کی سی ایس ایس میں کامیابی سے پولیس فورس کی عزت و وقار میں اضافہ ہواہے۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے نوجوان افسران کواپنی پیشہ ورانہ ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پیشہ ورانہ ورکنگ کو سمجھ کر نئے آئیڈیاز کے تحت شہریوں کی بھرپور خدمت کریں، آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ اپنے اختیارات اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کیلئے استعمال کریں۔ ڈاکٹر عثمان انو رنے کہاکہ پولیسنگ کے تجربات کی روشنی میں شہریوں کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل کئے جا سکتے ہیں لہذا فیلڈپولیسنگ کے تجربے کو اپنی آئندہ ذمہ داریاں عمدگی سے ادا کرنے کیلئے تصرف میں لائیں۔

آئی جی پنجا ب نے کہاکہ پنجاب پولیس ایک فیملی کی مانند ہے اور محکمہ پولیس کے ساتھ آپ کا تعلق ہمیشہ برقرار رہے گا۔ ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، سب انسپکٹرز کے والدین، بھائی اور دیگر اہلخانہ بھی موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں