لاہور ایکسپو سینٹر میں کتب میلے کا افتتاح

جمعرات 18 اپریل 2019 17:24

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اپریل2019ء) دی بگ بیڈ وولف بک سیل کے زیر اہتمام لاہور ایکسپو سینٹر میں کتب میلے کا افتتاح کردیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن و ٹورازم راجہ یاسر ہمایوں نے خصوصی طور پر شرکت کی‘ اس موقع پر بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ اور بگ بیڈ وولف بک سیل کے منتظم اویس اختر بٹ بھی موجود تھے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ کتاب انسان کی بہترین دوست ہے‘ بد قسمتی سے کتاب کے بجائے زیادہ وقت ہم موبائل فونز اور سوشل میڈیا پر صرف کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مطالعہ کے ذریعے دنیا کو بہتر انداز سے سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ شخصیت میں بہتری لانے میں معاون ہے‘ مطالعہ سے لوگوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے کہ وہ نئی چیزیں سیکھیں اور اپنے خواب کو حقیقت میں تبدیل کردیں۔

(جاری ہے)

بگ بیڈ وولف بک سیل کے بانی اینڈریو یاپ نے کہا، بگ بیڈ وولف بک سیل نمائش میں ہمارا عزم ہے کہ انتہائی کم قیمت کے ذریعے لوگوں کی کتابوں سے رسائی بڑھائی جائے تاکہ زیادہ لوگ مطالعہ کریں۔ پروگرام کے منتظم اور بگ بک پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر اویس اختر بٹ نے کہا، کتابوں کی نمائش کے انعقاد پر انتہائی خوش ہیں‘ لاہور شہر نے دنیا کو عظیم لکھاریوں، مقررین اور دانشوروں سے متعارف کرایا ہے۔انہوں نے کہا کہ بگ بیڈ وولف بک سیل لوگوں کو اپنی پسند کی مہنگی کتاب کے سستے داموں حصول کے لئے بااختیار بناتا ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں