قوم پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر افراد کے خلاف کارروائی کی منتظر ہے‘میاں مقصود احمد

چیئرمین نیب کاکرپشن کیسزکومنطقی انجام تک پہنچانے کاعزم حوصلہ افزا ہے،دکھاوے کے اقدامات اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے اب عوام کو بہلایانہیں جاسکتا‘ صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

منگل 7 اگست 2018 19:35

قوم پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر افراد کے خلاف کارروائی کی منتظر ہے‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ ملک میں بدعنوانی ناسور بن چکی ہے، میگا اسکینڈلز سامنے آرہے ہیں مگر گرفتاریاں عمل میں نہیں آرہیں،مکرپشن کے بڑے مقدمات کو ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق جلد ازجلد منطقی انجام تک پہنچانا ہوگا ،ملک میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے ،چیئرمین نیب کی طرف سے کرپشن کیسزکو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کاعزم حوصلہ افزا ہے ،قوم منتظر ہے کہ پاناما لیکس میں بے نقاب ہونے والے دیگر436پاکستانیوں ، کرپٹ عناصراورکمیشن مافیا کے خلاف کارروائی کب ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزعوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ ملک وقوم کی ترقی کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ نااہل افراد کی تعیناتیاں ،کرپشن،اقرباپروری اور موروثیت ہے،ان سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

روایتی سیاست سے نجات کے لیے قوم نے دوپارٹی نظام کومستردکیاہے۔محض کردار بدلنے سے مثبت تبدیلی کاخواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

عوام حقیقی معنوں میں فرسودہ نظام سے نجات چاہتے ہیں۔محض دکھاوے کے اقدامات اور ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے اب عوام کو بہلایانہیں جاسکتا۔انہوں نے کہاکہ احتساب کانظام بلاتفریق چلنا چاہئے اور اس سے سیاسی انتقام کی بو نہیں آنی چاہئے۔ملک کو کرپٹ افراد نے جتنا نقصان پہنچایا ہے اتناکسی نے نہیں پہنچایا۔وقت آگیا ہے کہ ان کرپٹ عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے، ان کاتعلق کسی بھی سیاسی جماعت سے کیوں نہ ہو،انہیں فی الفورگرفتار کیاجائے۔

میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ چوروں،لٹیروں،جاگیرداروں،وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی جگہ اسمبلیوں میں نہیں۔70برسوں سے مٹھی بھراشرافیہ نے ملک وقوم کے ساتھ سنگین کھیلواڑ کیاہے اور عوام کے جذبات کو مجروح کیاہے۔نئی بننے والی حکومت نے اگر عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم نہ کیا توان کا انجام بھی ماضی کے حکمرانوں جیساہوگا۔لوگوں کی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ملکی استحکام کے لیے سب کو مل کر کام کرناہوگا۔محازآرائی کی سیاست کسی کے مفاد میںنہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں