وزیراعلیٰ پنجاب سے سابق نگران وزیر انجم نثار کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفد کی ملاقات

سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں،صنعتیں لگنے سے روزگاربڑھے گا‘عثمان بزدار

منگل 18 دسمبر 2018 19:14

وزیراعلیٰ پنجاب سے سابق نگران وزیر انجم نثار کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفد کی ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں سابق نگران وزیر انجم نثار کی قیادت میں بزنس مینوں کے وفد نے ملاقات کی۔وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے کاروبار کرنے میں آسانیاں پیدا کر رہے ہیں کیونکہ صنعتیں لگیں گی تو روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں جلد اپنی پوری ٹیم کے ساتھ جلد لاہورچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت دیگر چیمبرز کا دورہ کروں گا اوربزنس کمیونٹی سے ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت بزنس کمیونٹی کے جائز مطالبات کے حل کے حوالے سے ہرممکن تعاون کرے گی۔کاروباری حضرات کے پنجاب حکومت سے متعلقہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور پنجاب میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ آپ سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔زراعت کی ترقی کیلئے ڈرپ اریگیشن کے پروگرام کو مزید وسعت دیں گے۔ساہیوال انڈسٹریل سٹیٹ کیلئے فائر بریگیڈ کا مسئلہ جلد حل کر دیں گے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل کی جائے ،کمیٹی قابل امر سفارشات تیار کرکے پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ شہری اداروں سے متعلقہ مسائل بھی حل کریں گے۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والی کاروباری شخصیات میں میاں زاہد حسین، سابق نگران وزیر میاں نعمان کبیر، محمد علی میاں، عرفان اقبال شیخ، احمد جواد، خامس سعید بٹ، تنویر احمد، عدنان خالد بٹ اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر صنعت محمد اسلم اقبال، سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹری صنعت، ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈاور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں