بین المذاہب امن کمیٹی مینارٹی ونگ ، کرسچین قومی موومنٹ پاکستان کی سری لنکا کے گرجا گھروں میں دہشت گردی واقعات کی شدید مذمت

اتوار 21 اپریل 2019 19:20

لاہور21۔ اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2019ء) بین المذاہب امن کمیٹی پنجا ب کے جنرل سیکرٹری مینارٹی ونگ لاہور ڈویژن عادل رضا ، چیئرمین کرسچین قومی موومنٹ پاکستان شوکت اقبال اور دیگر رہنماوںارشد مسیح ، نیئراقبال ، منصف گل، اسد گل سمیت دیگر نے اِیسٹر کے موقعہ پر سری لنکا کے تین گرجا گھروں میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کی پرزور مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ دہشت گردی کے اس انتہائی افسوسنا ک واقعہ کی وجہ سے ہمارے دل غم سے رنجیدہ ہیں۔

گزشتہ روز اپنے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے اندر انسانیت نا م کی کوئی چیز موجود نہیں ہے ،نہتے معصوم بچوں ،عورتوں اور بزرگ افراد کو دہشت گردی کا نشانہ بنا کر جس درندگی کا ثبوت دیا ہے اس کی وجہ سے پوری دنیا میں بسنے والی مسیحی قوم کے دل غم سے بھرے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے سری لنکا حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر دہشت گرد وں کا سراغ لگا کر ان سے جڑے دیگر تمام معاونین گرپوں کا قلع قمع کیا جائے ،دہشت گردخواہ کسی بھی گروپ یا کسی قوم سے ہو وہ کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں لہذا بلا تفریق معصوم اور نہتے افراد کی زندگیوں کا خاتمہ کرنے والے ناسوروں کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے ان افسوسناک واقعات کے نتیجے میں قیمتوں جانوں کے ضیائع پر سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں