رمضان شوگر ملز ریفرنس ،حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور

ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو آئندہ سماعت پر ذمہ داروں کا تعین کر کے مکمل رپورٹ پیش کرنے کا حکم

منگل 1 دسمبر 2020 12:35

رمضان شوگر ملز ریفرنس ،حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چوہدری نے سماعت کی ۔فاضل جج کے استفسار پر بتایا گیا کہ حمزہ شہباز پیرول پر ہیں، ان کی دادی فوت ہوئی ہیں لوگ تعزیت کے لئے آرہے ہیں۔

عدالت نے کہاکہ صبح صبح کون تعزیت کے لیے آتا ہے، پیرول کا اس سے کوئی تعلق نہیں انہیں پیش ہونا چاہیے تھا، جنازہ ہوچکا، رسم قل کی ادائیگی بھی ہو چکی ہے اب اور کیا رہ گیا ہے۔ وکیل نے استدعا کی کہ پیرول پر رہائی میں صرف ایک روز رہ گیا حاضری معافی کی درخواست قبول کی جائے ۔کمرہ عدالت میں موجود ایڈیشنل ہوم سیکرٹری نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کی عدم پیشی کے معاملہ کی انکوائری کر رہے ہیں، ۔

(جاری ہے)

عدالت نے استفسار کیا کون انکوائری کر رہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں انکوائری ہو رہی ہے ۔عدالت نے ایک سماعت پر حمزہ شہباز کو پیش نہ کرنے پر ایڈیشنل سیکرٹری ہوم کو مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سماعت پر ذمہ داروں کا تعین کر کے مکمل رپورٹ پیش کریں ۔عدالت نے حمزہ شہباز کی ایک روز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت 7دسمبر تک ملتوی کردی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں