پنجاب: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ

خصوصی عدالتوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کیلئے قانون میں ترمیم سمیت تمام اقدامات کیے جائیں گے، بیرون ملک پاکستانی قوم کا اثاثہ ہیں ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے، گورنر پنجاب چوہدری سرور

جمعرات 15 اپریل 2021 20:22

پنجاب: اوورسیز پاکستانیوں کیلئے اسپیشل کورٹس کے قیام کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2021ء) حکومت پنجاب نے جلد سے جلد بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ اوورسیز پاکستانی ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے مقدمات میں بیانات ریکارڈ کرنے کی اجازت دینے سمیت تجاویز پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے اور گورنر ہاؤس میں ان کے کیسز کے لیے خصوصی عدالتوں کے قیام سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کی۔

اجلاس میںپنجاب کی ایڈیشنل چیف سیکریٹری (اے سی ایس) ارم بخاری، لا سیکریٹری بہادر علی خان، ڈسٹرکٹ جوڈیشری ڈائریکٹر جنرل سعید اللہ مغل، لاہور ہائی کورٹ کے ڈپٹی رجسٹرار اور پنجاب اوورسیز کمشنر عارف جاوید، اوورسیز کمشنر خادم عباس، وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن، پنجاب وسیم، ڈی جی اوورسیز عشرت اللہ، ڈائریکٹر لیگل اوورسیز کمیشن راجہ زبیر اور پرنسپل سیکریٹری برائے گورنر ڈاکٹر راشد منصور نے شر کت کی۔

(جاری ہے)

اے سی ایس ارم بخاری نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ تمام صوبائی محکمے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں اور اس سلسلے میں خصوصی عدالتوں کے قیام سمیت کسی بھی تعاون کے لیے تیار ہیں۔وسیم رمے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ او پی سی کے وائس چیئرمین، متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ سیکریٹری لا سے اپنے دفتر میں ملاقات کریں گے اور خصوصی عدالتوں کے قیام سمیت اقدامات سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں کورونا وائرس کے بحران کے باوجود پاکستان کی معاشی طاقت میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر فخر ہے، لاہور ہائیکورٹ اور عدلیہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات کی سماعت کے لیے خصوصی طور پر کام کر رہی ہے لیکن خصوصی عدالتوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے۔چوہدری سرور نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے قانون میں ترمیم سمیت تمام اقدامات کیے جائیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا کہ خصوصی عدالتیں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مقدمات تاخیر کا شکار نہ ہوں اور ہر کیس کے فیصلے کے لیے ایک مخصوص ٹائم فریم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی قوم کا ایک اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل حل کرنا حکومت کی پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو انصاف کی فراہمی میں لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سمیت عدلیہ کے کردار کو سراہا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں