حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کیلئے خدمات کے اعتراف میں ووٹ کا حق دیا ‘چودھری پرویزالٰہی

امریکی حکومت اب پاکستان کی بات سمجھنے لگی ہے، امریکی سینیٹ میں کئی بلوں سے پاکستان بارے تحفظات کو نکال دیا گیا ‘ طاہر جاوید

جمعرات 2 دسمبر 2021 00:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2021ء) قائمقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی سے ڈپٹی نیشنل فنانس چیئر ڈیموکریٹک پارٹی امریکہ طاہر جاوید نے یہاں گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ اوورسیز پاکستانی شاہد جاوید بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور خطے کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، موجودہ حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کیلئے خدمات کے اعتراف میں ووٹ کا حق دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوورسیز کمیشن تارکین وطن کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہا ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانی ہمارا فخر اور اثاثہ ہیں جو پاکستان کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ تارکین وطن کی پاکستان میں جائیدادوں کے تحفظ کیلئے حکومت ٹھوس اقدامات کرے۔ طاہر جاوید نے چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کی تاریخ کئی دہائیوں پر مشتمل ہے جن میں وقت کے ساتھ ساتھ مزید بہتر آ رہی ہے، امریکی حکومت اب پاکستان کی بات سمجھنے لگی ہے، جو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ پاکستان کے سفارتی محاذ پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کانگریس کے کئی ارکان نے گزشتہ دنوں پاکستان کا دورہ کیا، امریکی سینیٹ میں پاکستان مخالف کئی بلوں سے پاکستان بارے تحفظات کو نکال دیا گیا ہے۔ طاہر جاوید نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی کے اوورسیز پاکستانیوں کے ساتھ مثالی تعلقات قابل قدر ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں